تازہ خبریںخبریںقومی

برقع پہن کر شاہین باغ پہنچی مشتبہ عورت، مظاہرین نے کیا پولیس کے حوالہ

شاہین باغ میں برقع پہن کر خفیہ کیمرے سے ویڈیو بنانے والی خاتون کا نام گنجا کپور ہے، وہ ’رائٹ ونگ‘ حامی ایک ’یوٹیوب چینل‘ چلاتی ہے اور ٹوئٹر پر اسے وزیر اعظم مودی سمیت کئی بی جے پی رہنما فالو کرتے ہیں

نئی دہلی: شاہین باغ میں بدھ کے روز اس وقت ہنگامہ برپا ہو گیا جب خاتون مظاہرین کے درمیان برقع پہنے ایک خاتون بیٹھی ہوئی پائی گئی۔ ہنگامہ ہونے پر پولیس موقع پر پہنچی اور برقع نشین کو پکڑ کر لے گئی۔ شاہین باغ مظاہرہ میں اس طرح کا واقعہ پیش آنا کافی حساس معاملہ ہے کیونکہ حالیہ دنوں میں وہاں فائرنگ اور بی جے پی حامی بھیڑ کا ہنگامہ جیسے واقعات رونما ہو چکے ہیں۔

برقع میں مشتبہ عورت کے پکڑے جانے پر شاہین باغ میں افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ ’این ڈی ٹی وی‘ کی رپورٹ کے مطابق، خاتون کی شناخت گنجا کپور کے طور پر ہوئی ہے۔ تاہم، خبر لکھے جانے تک پولیس کی طرف سے کوئی وضاحت پیش نہیں کی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق جب گنجا کپور اپنے آس پاس بیٹھی ہوئی خواتین سے لگاتار سوالات کر رہی تھی، جس کی وجہ سے خواتین کو اس پر شبہ ہوا۔ کچھ خاتون مظاہرین نے گنجا کی تلاشی لی اور دعوی کیا کہ اس نے اپنے کپڑوں میں کیمرا چھپایا ہوا تھا۔ اس کے بعد مظاہرے کے مقام پر ہنگامہ برپا ہوگیا۔

اس ہنگامے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو گئی۔ ویڈیو میں گنجا کپور خاتون مظاہرین سے گھری ہوئی نظر آ رہی ہے، پولیس اپنی حفاظت میں خاتون کو باہر نکال رہی ہے اور خواتین سے پُر سکون ہونے کی اپیل کر رہی ہے۔ متعدد لوگوں نے سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کو شیئر کیا ہے۔

لوگوں نے گنجا کپور کی اس حرکت پر سوال اٹھائے ہیں۔ ٹوئٹر پر زیبا وارثی نے ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا، ’’گنجا کپور آپ کو کیا ہو گیا ہے؟ آپ نے برقع کیوں پہن رکھا ہے؟ امید ہے آپ خیریت سے ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ شاہین باغ کی خواتین آپ کو بچا رہی ہیں۔‘‘

گنجا کپور یوٹیوب چینل ’رائٹ نیریٹیو‘ چلاتی ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی ٹوئٹر پر اسے فالو کرتے ہیں۔ مودی کے فالو کرنے کا اسکرین شاٹ بھی اس نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر لگایا ہوا ہے اور اسے وہ نئے سال کا تحفہ قرار دیتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!