سی اے اے کالا قانون ہے، جو نفرت کی چنگاری بھڑکاۓ گا: جماعت اسلامی
ناگپور میں عظیم الشان جلسہ میں ڈاکٹر انوار صدیقی کا اظہار خیال
ناگپور : ڈاکٹر محمد عبدالرشید میڈیا سیکرٹری جماعت اسلامی ہند ناگپور کے مطابق ملک کے تمام باشندوں کو یہ کالا قانون اپنی لپیٹ میں لے کر انکے بنیادی حقوق کو صلب کر دیگا۔ رفتہ رفتہ ملک کے موجودہ امن و امان میں خلل واقع ہو کر نفرتوں کی چنگاریاں بڑے شعلے میں تبدیل ہو کر اس ملک کی گنگا جمنی تہذیب کو خاک میں ملا دیں گی ۔ ملک کے باشندوں کو اس قانون سے کںٔی طرح کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑے گا ۔ اپنی شہریت ثابت کرنے کے لئے ضروری کاغذات کے ضمن میں نوٹ بندی کی طرح انہیں لائن میں کھڑا ہونا پڑیگا ۔ ان خیالات کا اظہار خیال جماعت اسلامی ہند ناگپور کے ناظم شہر ڈاکٹر انوار صدیقی نے اپنے صدارتی خطاب میں کیا ۔
واضح رہے کہ یہ عظیم الشان جلسہ عام جماعت اسلامی ہند ناگپور اور فیڈریشن آف آرگنائزیشن فار سوشل جسٹس، سیکیولرازم اینڈ ڈیموکریسی ناگپور کے مشترکہ اہتمام میں مومن پورہ کے ینگ مسلم فٹبال گراؤنڈ میں منعقد کیا گیا تھا۔
انہوں نے غلط فہمیوں کا ازالہ کرتے ہوئے کہا کہ اس قانون سے صرف مسلمان ہی نہیں بلکہ ہر شہری متاثر ہوگا۔ملک کے بنیادی مسائل کو درکنار کر کے عوام کو مذہبی منافرت اور ذات پات میں تقسیم کیا جا رہا ہے۔ ہم اسی طرح کے خطاب عام کے ذریعہ عوام الناس کو بیدار کرتے رہینگے۔
بعد ازاں مقرر خصوصی ترلوک ہزارے نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ احتجاج مودی حکومت کی غلط پالیسیوں کے خلاف ہے۔ اس کالے قانون کی آڑ میں حکومت اپنی ناکامیوں سے پہلو تہی اور دامن بچا رہی ہے ۔
مہمان مقرر مراٹھا سیوا سنگھ کے ضلعی صدر دلیپ کھوڑکے نے کہا کہ ظالم حکمران آتے رہیں گے اور ہم ان کی مخالفت بھی کرتے رہیں گے۔ہم موجودہ شہریت کو صلب کرنے والے قانون کے تحت کاغذ نہیں دکھائیں گے۔
مہمان مقررگرودوارہ انتظامیہ کمیٹی کے رکن جسوندر سنگھ سیٔنی نے کہا کہ ڈیٹینشن سینٹر میں ہم نہیں جاںٔیں گے۔ وہ جاںٔیں گے جو بھارت کے آںٔین پر یقین نہیں رکھتے۔
اسٹوڈنٹ اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا کے ریاستی صدر محمد سلمان نے عوام کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پورے ملک میں اس غیر دستوری قانون کے خلاف طلبہ احتجاج کر رہے ہیں۔آج نوجوان طبقہ سبھی کے ساتھ کاندھے سے کاندھا ملا کر اس تحریک میں پیش پیش ہیں۔ سبھی کی کاوشوں پر یہ تحریک زندہ ہے یہ خوش آئند بات ہے۔ ہم اس وقت تک احتجاج کرتے رہیں گے جب تک کہ حکومت اس قانون کو واپس نہیں لے لیتی۔ امیر مقامی اشرف بیلم نے افتتاحی کلمات کہے۔
جماعت اسلامی ہند ناگپور کے ناظم ضلع مولانا شاکرالاکرم فلاحی نے قرآن کی تذکیر سے جلسہ عام کا آغاز کیا ۔ ساجد احمد نے اظہارِ تشکر ادا کیا ۔ نظامت محمد سہیل انصاری نے کی۔ مرد وخواتین کی کثیر تعداد نے شرکت فرمائی۔

