اُردو ہیڈماسٹرس کے لئے ورکشاپ، کیلنڈراور ڈائری کی رسمِ اجراء
بیدر: 22/جنوری (وائی آر) کرناٹک راجیہ اردو ٹیچرس اسوسی ایشن ضلع بیدر کی جانب سے ایک روزہ صدورمدرسین کا ورکشاپ الامین بوائز ہائی اسکول، دلہن دروازہ روڈ بیدر میں عمل میں آیا۔ جس کاافتتاح محمد رحیم خان صاحب رکن اسمبلی بیدر نے کیا۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے جناب چندرشیکھرDDPI بیدر، جناب عنایت الرحمن سندھے ضلع مڈڈے میل آفیسر، جناب بابومیاں DYPCایس ایس اے، ڈاکٹر محمد گلسین سینئر لیکچرر ڈائٹ بیدر، وی ایم پتار BEOبیدر، وجے کمار BRCبیدر، جناب سید خورشید قادری ECO، محمد مکرم صاحب صدر مدرس الامین ہائی اسکول بید رشریک رہے۔ اس اجلاس کی صدارت جناب مرزاانصار بیگ صدر کراٹا بیدر نے کی۔
افتتاحی اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے جناب رحیم خان صاحب نے صدرمدرسین کو مشورہ دیاکہ وہ معیاری تعلیم دے کر قوم کے نونہالوں کامستقبل سنواریں۔ جناب چندرشیکھرDDPIنے کہاکہ غریب طلبہ اور طالبات گورنمنٹ اسکول سے تعلیم پاتے ہیں۔اس لئے آپ مدرسین کو چاہیے کہ ایسے غریب بچوں کومعیاری تعلیم دے کر اپنی ڈیوٹی کو پوراکریں۔ حکومت آپ کی ہرممکن مددکررہی ہے۔ طلبہ وطالبات کے لئے تمام ترسہولتیں سرکاری اسکولوں میں فراہم کی جارہی ہیں۔ لیکن بچے اسکول سے باہر کیوں ہیں؟یہ اہم سوال ہے اس سوال کاجواب ملناچاہیے۔ضلع بیدر کے ہرتعلقہ میں اردو BRPاور اردو ECOکے تقرر کے لئے حکومت سے سفار ش کی جائے گی۔
جناب عنایت الرحمن سندھے ضلع مڈڈے میل آفیسر نے اپنے خطاب میں کہاکہ جس طرح اپنے بچوں کی تعلیم کاخیال کیاجاتاہے اسی طرح ان بچوں کی تعلیم کا بھی خیال کریں۔ جناب بابومیاں DYPCایس ایس اے نے اپنی مثال دیتے ہوئے کہاکہ ہم سرکاری اسکول سے تعلیم حاصل کرکے آج بفضلِ الٰہی اعلیٰ عہدے پر فائز ہیں۔ جناب وجے کمار BRCنے کراٹا کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہاکہ اس قسم کے ورکشاپ ہونے چاہیے۔جس کے ذریعہ اساتذہ کی تعلیمی ترقی میں اضافہ ہوگا۔ طلبہ کی معیاری تعلیم سے متعلق راہیں بتائی جاسکیں گی۔ کیلنڈراور ڈائری کی رسم ِ اجراء رکن اسمبلی رحیم خان صاحب کے ہاتھوں عمل میں آئی۔
پروگرام کاآغازجناب مظہر محی الدین آرگنائزنگ سکریٹری کراٹاکی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ محترمہ وصیہ شاہین نے حمد شریف پیش کی۔ اردو نظم محترمہ خوشتر رحمن صاحبہ نائب صدر کراٹا بیدر نے پیش کی۔جوائنٹ سکریڑی محمد جاوید احمد نے تمام مہمانوں کااستقبال کیا۔ شیخ مسیح الدین اعزازی صدر کراٹا بیدر نے تنظیم کے اغراض ومقاصد بیان کئے۔ ورکشاپ میں ڈاکٹر محمد گلسین سینئر لیکچرر ڈائٹ نے معیاری تعلیم کے عنوان پر انتہائی اہم خطاب کیا۔ جناب سید فرقان پاشاہ سبجکٹ انسپکٹر DDPIآفس نے صدرمدرسین کی ذمہ داریاں یاد دلائی اور ان کے کرنے کے کام کے ضمن میں رہنمائی فرمائی۔
جناب محمدابراھیم CRPنے بھی خطاب کیا۔ محمدشہاب الدین سکریڑی کراٹانے نظامت کے فرائض بحسن وخوبی انجام دئے۔ مرزا انصاراللہ بیگ صدر کراٹابیدر نے اپنے صدارتی خطاب میں تمام صدورمدرسین سے درخواست کی کہ اپنے مدارس کے مسائل کے لئے کراٹا سے رابطہ رکھیں۔ اسوسی ایشن کا تعاون ہمیشہ رہے گا۔ محترمہ بلقیس فاطمہ نے اظہار تشکرکیا۔محمد سعیدالدین خازن، محمد ذکی احمد، بابر حسین، محمدمعظم، عبداللطیف، محمد اشفاق، محترمہ عظمت النساء، محمد عبدالسلیم، محمد اعظم پاشاہ، محمد غوث الدین، ودیگر ذمہ دارانِ کراٹانے ورکشاپ کی کامیابی کے لئے بھرپور اور انتھک محنت کی۔