بیدرمیں NPR-NRC-CAA کے خلاف بہوجن کرانتی مورچہ کا اجلاس، جناب وامن مشرام کا خطاب
ہم NPR – NRC-CAA کے خلاف ہیں، DNAکی بنیاد پر NRCملک میں رائج کرنے کامطالبہ
بیدر: 18/جنوری (وائی آر) انگریزوں نے بھارت کو ہند و۔ مسلمان دوٹکڑوں میں بانٹاتھا۔لیکن برہمن نے یہاں کی ذاتوں کو 6ہزار ٹکڑوں میں بانٹ دیااسلئے کہہ سکتے ہیں کہ برہمن انگریزوں سے 3ہزار گنا زیادہ خطرناک ہے۔ اور یہ جو NRC-NPR -CAA ہے اس کی وجہ صرف اور صرف EVMہے۔ای وی ایم نہ ہوتی تو بی جے پی برسراقتدار نہ آتی۔ بی جے پی برسراقتدار نہ آتی تو NRCبھی نہ لاتی۔ اسلیے مسلم سماج کو ای وی ایم کی مخالفت کرنا چاہیے۔ یہ باتیں بہوجن کرانتی مورچہ کے قومی صدر مسٹر وامن مشرام نے کہیں۔ وہ بہوجن کرانتی مورچہ کرناٹک کی جانب سے EVMبھانڈاپھوڑ اور NRC-NPR-CAAمخالف عظیم الشان جلسہ سے ڈیسنٹ فنکشن ہال، بیدر میں خطاب کررہے تھے۔
انھوں نے مزید کہاکہ EVMمیں جوگھوٹالہ پکڑا گیا وہ کانگریس کے دور میں پکڑا گیا۔ انھوں نے انکشاف کیاکہ ای وی ایم کے ذریعہ کانگریس نے 2004اور2009میں جیت حاصل کی تھی اسکے بعد بی جے پی کی باری آئی اس نے 2014اور2019کے پارلیمانی انتخابات اسی ای وی ایم میں گھوٹالے کے ذریعہ جیتے ہیں۔ لہٰذا مینارٹیز، دلت، اوبی سی اور آدی واسیوں کو بیدارہوناہوگا۔ اور سمجھناہوگاکہ اس ملک پر دوہی پارٹیاں کیوں راج کرتی ہیں؟موصوف نے اپنی اپیل پر سپریم کورٹ کے ذریعہ ای وی ایم گھوٹالے کے پکڑے جانے کی طویل کہانیاں سنائیں۔ موصوف نے دعویٰ کیاکہ آسام کے ڈی ٹنشن کیمپ میں 5-6ہزار افراد مرگئے ہیں۔ جن میں ایک ہزار کے قریب مسلم ہیں۔ لہذا گذار ش ہے کہ EVMکی سبھی لوگ مخالفت کریں۔ اور یادرکھیں NRCکادوسرا نام NPRہے۔
ہمارا مطالبہ ہے کہ NRCہو لیکن دستاویزات کی بنیاد پر نہیں بلکہ DNAکی بنیاد پرہونا چاہیے پھرپتہ چل جائے گاکہ کون بھارتی ہے اور کون ودیشی۔ ابتداء میں سید مجیب الدین نائب صدر راشٹریہ مسلم مورچہ نے بام سیف اور راشٹریہ مسلم مورچہ کاتعارف پیش کیا۔ مانک خانہ پور کر صدر بھارتیہ بھیم سینا نے اپیل کی کہ سب لوگ سڑک پر آئیں۔ اور وامن مشرام کاہاتھ مضبوط کریں۔ ان کاساتھ دیں۔
کارگذار صدر DSSجناب ماروتی بودھے نے اپنے خطاب میں کہاکہ 700سال تک مسلمانوں نے بھارت پر حکومت کی لیکن ایسا ظلم نہیں کیا۔ جو 70سال کے درمیان ہمیں دیکھنے کومل رہاہے۔ نسیم الدین پٹیل سابق صدر ضلع پنچایت بیدر نے کہاکہ کمپنیاں بند ہورہی ہیں۔ فروخت ہورہی ہیں۔ روزگارکی سہولت دینے کی بجائے مرکزی حکومت سماج کو لڑانے کاکام کررہی ہے۔ جناب بنڈپاقاسم پور رکن اسمبلی بیدر جنوب نے اپنے خطاب میں کہاکہ میں NRC-CAAکو لے کر ابتداء ہی سے بیدر والوں کے ساتھ ہوں۔ایک پروگرام میں بیدر کے ایم پی بھگونت کھوبا نے CAAکی ایسے ہی تائیدشروع کردی تو میں نے اسی تقریب میں مائیک پر CAAکی مخالفت کی۔
لنگایت قائد جنا ب سری کانت سوامی نے اپنے خطاب میں بتایاکہ مرکزی حکومت کی دہشت بڑھ چکی ہے۔ لنگایت سماج کے مذہبی گروبسونا نے مساوات کا در س دیاہے۔ اور اس ملک پر فی الحال راج کرنے والے لوگ انسانیت کی نفی کرتے ہیں ہم ان کے خلاف لڑیں گے۔ شریمتی نشامشرام نے اپنے خطاب میں کہاکہ میں شاہین باغ کی خواتین کوسلام کرتی ہوں۔ اوراس موقع پر یاددلاناچاہوں گی کہ اوبی سی خواتین بھی ایساہی احتجاج کرناچاہیے۔ یہ ہمارے وقار کی لڑائی ہے۔ ہم 29/جنوری کو بھارت بند کررہے ہیں، اس میں لاکھوں کی تعداد میں شامل کرنے کی انھوں نے اپیل کی۔
جناب سید ذوالفقارہاشمی صدر بہوجن مکتی مورچہ کرناٹک نے پروگرام کی صدارت کی اور اپنے خطاب میں کہاکہ ہمیں اس ملک کو پرامن بنائے رکھنا ہے۔ اور اسکے لئے گھروں میں بیٹھے رہنے کے بجائے جدوجہد کی ضرورت ہے۔ چودھری وکاس پٹیل، ایڈوکیٹ نارائن گنیش، جناب سید منصورقادری،محترمہ شانتی نائک صدر تلنگانہ بہوجن مکتی مورچہ نے بھی خطاب کیا۔
شہ نشین پربابوراؤ ہوننا ایڈوکیٹ، بابوپاسوان، پر موجودتھے۔ مستقیم بیگم اور ان کی ٹیم نے فیض کی مشہور نظم ”ہم دیکھیں گے“ پیش کرکے سماں باندھ دیا۔ لوگوں نے تالیوں کی گونج میں اس نظم کوسنا۔ جناب حافظ تنویر احمد سلمان نے نظامت کے فرائض انجام دئے۔ جبکہ ایڈوکیٹ طلحہ ہاشمی، سرفرازہاشمی، شیخ انصا روغیرہ نے انتظامی امورکی دیکھ بھال کی۔ ڈیسنٹ فنکشن ہال کے بیرونی حصہ میں بھی LEDکے ذریعہ پروگرام دکھانے کانظم کیاگیاتھا۔