خبریںقومی

’شاہ رخ ہو گیا بے گانا صنم‘ شاہین باغ مظاہرہ کے دوران طلبا نے گنگنایا

سوشل میڈیا پر گانا گاتے ہوئے جامعہ طلبا کا جو ویڈیو ڈالا گیا ہے اس میں ایک طالبہ مائک لیے ہوئی ہے اور ان کے ساتھ دوسرے طلبا بھی ’تجھے دیکھا تو یہ جانا صنم، شاہ رخ ہو گیا بے گانا صنم‘ گا رہے ہیں۔

شاہین باغ میں شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی و این پی آر کے خلاف جاری خواتین کے عظیم الشان احتجاجی مظاہرے میں روزانہ کچھ نہ کچھ نیا دیکھنے کو مل رہا ہے۔ 14 جنوری کو اس مظاہرے میں جامعہ ملیہ اسلامیہ یونیورسٹی کے طلبا نے شاہ رخ خان کی مشہور زمانہ فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ کے مقبول گانا ’تجھے دیکھا تو یہ جانا صنم‘ گانا گیا، لیکن اس میں کچھ تبدیلی کر دی گئی۔ یہ گانا سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہو رہا ہے اور لوگ اس پر لگاتار اپنا رد عمل ظاہر کر رہے ہیں۔

 

دراصل سوشل میڈیا پر گانا گاتے ہوئے جامعہ طلبا کا جو ویڈیو ڈالا گیا ہے اس میں ایک طالبہ مائک لیے ہوئی ہے اور ان کے ساتھ دوسرے طلبا بھی ’تجھے دیکھا تو یہ جانا صنم، شاہ رخ ہو گیا بے گانا صنم‘ گا رہے ہیں۔ ’پیار ہوتا ہے دیوانہ صنم‘ لائن کی جگہ ’شاہ رخ ہو گیا بے گانا صنم‘ گائے جانے کی وجہ سے یہ لوگ اس ویڈیو میں کافی دلچسپی لے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ بھی آگے کی لائنیں بدل دی گئی ہیں اور ایک طرح سے شاہ رخ خان کو اس لیے تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے کیونکہ جامعہ طلبا پر پولس کی بربریت کے بعد انھوں نے کوئی بیان نہیں دیا۔

[the_ad id=”11437″]

قابل ذکر ہے کہ شاہ رخ جامعہ ملیہ اسلامیہ کے طالب علم رہ چکے ہیں، اسی لیے اس بات سے جامعہ کے طلبا ناراض ہیں کہ انھوں نے پولس کے مظالم کے بعد کوئی بیان کیوں نہیں دیا۔ اپنی ناراضگی شاہین باغ میں ہو رہے مظاہرے کے دوران طلبا نے شاہ رخ کی ہی فلم کے مقبول گانے کے ذریعہ ظاہر کی اور شاہ رخ کے ’بے گانا‘ ہو جانے پر مایوسی کا اظہار کیا۔

ایک ٹوئٹر ہینڈل سے اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے یہ لکھا گیا ہے کہ ’’شاہین باغ نے شاہ رخ خان کو اپنا پیار بھیجا ہے۔ ایسا کبھی نہیں دیکھا گیا۔ ’تجھے دیکھا تو یہ جانا صنم، شاہ رخ ہو گیا بے گانا صنم‘۔ کوئی اسے شاہ رخ کو دکھاؤ۔‘‘ حالانکہ کئی لوگوں نے اس ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ جب شاہ رخ کسی ایشو پر اپنی زبان کھولتے ہیں تو لوگ انھیں تنقید کا نشانہ بناتے ہیں اور جب وہ خاموشی اختیار کرتے ہیں تو انھیں بزدل تک کہا جاتا ہے جو کہ مناسب نہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!