ناندیڑ: 13/جنوری سے شروع ہوگا کل جماعتی تحریک کی جانب سے بے مدت دھرنا ‘ناندیڑ کی آواز’
ناندیڑ:12/جنوری (پریس ریلیز) شہریت ترمیمی قانون کے خلاف ناندیڑ میں سرگرمیاں جاری ہیں، آج کل جماعتی تحریک کے آفس پر ایک پریس کانفرنس منعقد کی گئی جس میں کل جماعتی تحریک، ناندیڑ کے ذمہ داران موجود تھے، مولانا سید آصف ندوی نے بتایا کہ آج ایم۔ جی۔ آر۔ گارڈن میں اساتذہ کرام کا ایک جلسہ منعقد کیا گیا ہے جس میں شہریت ترمیمی قانون کے مضر اثرات پر گفتگو کی جائیں گی۔
مولانا مفتی محمد ایوب صاحب قاسمی نے بتایا کہ حکومت نے اپنی بوکھلاہٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے عجلت میں اس سیاہ قانون کو نافذ کرنے کیلئے نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے۔ اور اب وقت آگیا ہیکہ ہم اپنی احتجاجی تحریک کو مزید پروان چڑھائیں اسی غرض سے کل جماعتی تحریک، ناندیڑ نے طئے کیا ہیکہ 13جنوری بروز پیر کو صبح 11 بجے سے بے مدت دھرنا” ناندیڑ کی آواز ” کلکٹر آفس کے سامنے دیا جائے گا۔ جس میں ہزاروں کی تعداد میں تمام ہندوستانی شہری بلا لحاظ مذہب و ملت شریک ہونگے۔ ان شاء اللہ!
محمد عبدالجلیل صاحب نے بتایا کہ ہر دن ایک محلے کو موقع دیا جائے گا، اس طرح تمام شہر کے افراد باری باری دھرنا دیں گے۔
سید معین صاحب نے کہا کہ ہم منظم انداز میں ایک مثالی دھرنے کا انعقاد کریں گے جس میں جمہوری طرز پر مسلم نوجوان بڑے پیمانے پر پرامن احتجاج، علمائے کرام کے زیر سرپرستی منعقد ہوگا۔ ریاض الحسن عامر صاحب نے بتایا کہ ابتداء کے دودن صرف مرد حضرات ہی اس دھرنے میں شریک ہوں گے اور اسکے بعد ہماری بہنوں کیلئے بھی موقع رہیگا کہ وہ اپنی آواز بطرز شاہین باغ بلند کریں۔ خواتین کیلئے 15جنوری کو دوپہر ڈھائی بجے سے 5بجے تک رہے گا۔ جس کی تفصیلات علٰحیدہ بتا دی جائیں گی۔
مولانا عبدالعظیم رضوی صاحب، مولانا یوسف محمدی نے بھی ناندیڑ کی عوام سے بڑے پیمانے پر شرکت کی اپیل کی ہے۔

