بیدر کے مسلمان او ردیگر ابنائے وطن CAAکے سخت مخالف، افواہوں پر دھیان نہ دیں
افواہیں ویڈیوکلپ کی شکل میں بھی آسکتی ہیں، دھوکاکھانے سے پرہیزکریں: محمدآصف الدین
بیدر: 6/جنوری (وائی آر) بیدر کا ہرمسلمان CAAکامخالف ہے۔ جو افواہیں بی جے پی اور اس کی ہم نوادیگر تنظیموں کی جانب سے پھیلائی جارہی ہیں وہ بالکل غلط ہیں ان افواہوں میں سچائی نہیں ہے۔ یہ بات جناب محمدآصف الدین رکن شوریٰ جماعت اسلامی ہند بیدر نے کہی۔ انھوں نے مزید کہاکہ کل CAAکاتائیدی جلوس نکلنے والا ہے اس کو کامیاب کرانے کی یہ ایک سازش ہے۔ جبکہ CAAکو واپس لئے جانے تک بیدر ہی نہیں ہندوستان کے تمام مسلمان اور دیگر ابنائے وطن، سیکولرسٹی زنس فورم، ملک بھر کی جوائنٹ ایکشن کمیٹیاں اور دیگر کمیٹیاں اپنے احتجاج کو جاری رکھیں گی۔
جناب محمد آصف الدین نے JNUکے طلبہ اور اساتذہ پر کل شب ہونے والے حملہ کی کڑے الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ CAAکے خلاف مخالفت بڑھتی جارہی ہے جس کو دیکھ کر مرکزی حکومت بوکھلا گئی ہے۔ اور طلبہ واساتذہ پر یہ حملہ کرایاگیاہے۔ جس کی مذمت کی جاتی ہے۔
انھوں نے کہاکہ ہم حملہ کے شکار طلبہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اتنا ہی نہیں جیسے ہی حملہ کی خبر ملی ممبئی اورکیرلہ میں احتجاج ہوا۔ جو قابل تعریف ہے۔ موصوف نے کہاکہ افواہیں ویڈیوکی شکل میں بھی آسکتی ہیں۔ ان سے دھوکا نہ کھایاجائے اور تحقیق کے بعد ہی کوئی چیز آگے بڑھائی جائے۔ لیکن یہ بات پوری طرح سچ ہے کہ مسلمان CAAکاسخت مخالف ہے۔