ضلع بیدر سے

مسلمان حالات سے گھبرانے کے بجائے استقامت کے ساتھ دعوتی مشن کو اپنائیں

بیدر میں منعقدہ دینی اجتماع سے مفتی افسر علی نعیمی ندوی کا خطاب

دل شکستہ نہ ہو، غم نہ کرو، تم ہی غالب رہوگے،اللہ تعالیٰ ظالموں کو ضرور ہلاک کرے گا۔

بیدر: 14/ دسمبر(اے این) آج ملک میں ایسے حالات پیدا کیے جا رہے ہیں، جس سے مسلمانوں میں خوف پیدا کیا جا سکے، جس طرح انبیاء کرام کو دھمکی دی جاتی تھی کہ اگر تم گھر واپسی نہیں کرو گے تو ہم تم کو اس ملک سے نکال دیں گے،شہریت ترمیمی بل اور NRC کے ذریعہ اسی کی کوشش ہو رہی ہے،امتِ مسلماں مجموعی طور پو اپنے مشن سے غافل ہو چکی ہے، انفرادی طور پر انجام دینے سے قوم کے حق میں فیصلہ نہیں ہوتا بلکہ اس کا اجر اس کو آخرت میں ملے گا، بحیثیت قوم ہر ایک کو اس کا خمیازہ بھگتا پڑے گا۔ اللہ تعالیٰ کاارشاد ہے کہ بچو اس فتنے سے جس کی شامت مخصوص طور پر انہی لوگوں تک محدود نہیں رہے گی جنہوں نے ظلم کیا۔

اللہ نے ان حالات کو بدلنے کی یہ شرط رکھی ہے کہ پہلے ہم اپنے آپ کو بدلیں۔ اگر ہم بحیثیت قوم اپنے فرائض اور امت دعوت کے مشن کو بحسن و خوبی انجام دینے لگیں تواللہ تعالیٰ کو حالا ت بدلنے میں دیر نہیں لگتی، وہ ان حالات کو مسلمانوں کے حق میں بدلنے پر قادر ہے۔ اگر ہم نے اپنی اصلاح کا ارادہ نہیں کیا، توبہ نہیں کی اور اللہ کی طرف رجوع نہیں ہوئے تو وہ دن دور نہیں کہ اللہ ہماری جگہ کسی ایسی قوم کو برپا کر دے جو ہماری طرح نہ ہو۔ ہم اللہ کی مدد کریں گے تو اللہ ضرور ہماری مدد کرے گا اور ہمارے قدم جما دے گا اور اس وطن میں ہمیں با عزت شہری بنا دے گا۔ جب ظالم اپنے حدود پار کرنے لگتا ہے تو اللہ کا یہ فیصلہ ہوتا ہے کہ ہم ضرور بالضرور ظالموں کو ہلاک کر دیں گے، ان باتوں کا اظہار مفتی افسر علی نعیمی ندوی نے درگاہ اشٹور میں منعقدہ دینی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید یہ کہا کہ اب فیصلہ ہمارے ہاتھوں میں ہے کہ ہم زندہ قوم ہونے کا ثبوت دے کر رجوع الی اللہ ہوں اور اپنے فیصلے وہی سے کرانے کے طلبگار ہو جائیں، ایمان والوں کی کیفیت یہ ہونی چاہیے کہ جب ان سے کہا جائے کہ تمہارے خلاف بڑی فوجیں جمع ہوئی ہیں تم ان سے ڈرو،تو وہ ان سے کہیں کہ ہمارے لیے اللہ کافی ہے اور وہی بہترین کار ساز ہے۔ ہم حالات سے ہر گز نہ گھبرائیں، اپنے دعوتی مشن پر استقامت اور اس یقین کے ساتھ گامزن ہو جائیں کہ اسی راستے سے ہم کو عزت و توقیر، ثبات قدمی اور کامیابی مل سکتی ہے۔اگر ہم دشمنوں سے ڈرنے لگیں گے تو مرگ مفاجات ہی ہمارا مقدر ہوگی۔ کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!