مودی معافی مانگیں: راہل گاندھی
نئی دہلی: ناقص پالسیوں اور خواتین کی حفاظت کے تئیں لاپروائی والا رویہ اختیار کرنے پر کانگریس کے رہنما راہل گاندھی کی طرف سے مودی حکومت کو ہدف تنقید بنائے جانے سے بی جے پی بری طرح بوکھلا گئی ہے اور برسر اقتدار جماعت بی جے پی نے اس معاملہ پر پارلیمنٹ میں ہنگامہ کیا۔ راہل گاندھی نے اس کے بعد اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ٹویٹ کیا اور کہا کہ وزیر اعظم مودی کو شمال مشرق کی خراب صورتحال اور ملکی معیشت کو برباد کرنے پر ملک سے معافی مانگنی چاہئے۔
واضح رہے کہ راہل گاندھی نے آئے دن ملک میں پیش آ رہے عصمت دری کے واقعات پر مودی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ ’آج ہندوستان کو دنیا میں ’ریپ کیپٹل‘ کی نظر سے دیکھا جا رہا ہے۔‘
راہل گاندھی نے ٹوئٹر پر لکھا: مودی کو معافی مانگنی چاہئے۔
- شمال مشرق کو کے لئے
- ملک کی معیشت کو تباہ کرنے کے لئے
- اس تقریر کے لئے جس کی کلپ میں اپلوڈ کر رہا ہوں
راہل گاندھی نے اپنے ٹویٹ میں جو ویڈیو منسلک کی ہے اس میں مودی کہتے نظر آ رہے ہیں، ’’آئے دن دہلی میں عصمت دری کے واقعات کی خبریں منظر عام پر آتی ہیں، دہلی ’ریپ کیپٹل‘ بنا دیا ہے۔ دہلی کو جس انداز سے ریپ کیپٹل بنایا گیا ہے اس کی وجہ سے، پوری دنیا میں ہندوستان کی توہین ہو رہی ہے۔‘‘
راہل گاندھی نے اپنے بیان کو ایک مرتبہ پھر دوہراتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی نے کہا تھا کہ ’میک ان انڈیا‘ ہوگا۔ ہم نے سوچا تھا کہ میک ان انڈیا اخبرات میں چھا جائیں گے لیکن آج اخباروں میں ہر جگہ ’ریپ ان انڈیا‘ نظر آتا ہے۔ انہوں نے کہ ایسی کوئی ریاست نہیں ہے جہاں بی جے پی حکمرانی کر رہی ہو اور وہاں خواتین کی عصمت دری نہ ہو رہی ہو۔
وزیر اعظم مودی پر حملہ کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا، ’’نریندر مودی کو بھی اس کا جواب دینا ہے، خواتین کی بات تو ہے لیکن انھیں یہ بھی جواب دینا ہوگا کہ انہوں نے ہندوستان کی معیشت کو کیوں تباہ کیا؟ انہیں یہ بھی جواب دینا ہوگا کہ ہندوستان کے نوجوانوں جن کے پاس روزگار تھا ان کا روزگار کیوں چھین لیا؟‘‘ راہل گاندھی نے کہا، ’’اب میں بات کرتا ہوں معافی مانگنے کی، میں ان سے معافی کبھی نہیں مانگنے والا۔‘‘