ضلع بیدر سے

اللہ تعالی سے قربت اللہ کا خاص ولی بنادیتی ہے:ایوب سلیم اصلاحی

بیدر: 8/ڈسمبر (وائی آر)اللہ تعالی سے قربت اور اللہ کی یاد سے کوئی شخص اللہ کاخاص ولی بن جاتاہے۔ قرآن میں ایسے افراد کو کسی قسم کے ڈراور خوف نہ رہنے کی بات بتائی گئی ہے۔ یہ اللہ ہی بہتر جانتاہے کہ کون اس کادوست ہے۔ لیکن ایک عام اندازے کے بموجب جو لوگ اللہ سے ڈرتے ہیں، اس کی قربت اختیار کرنے میں لگے رہتے ہیں وہی اللہ کے دوست ہیں۔یہ باتیں مولانا محمدایوب سلیم اصلاحی نے آج اتوار کو کہیں۔ وہ جماعت اسلامی ہند بیدر کے ہفتہ واری اجتماع سے مسجد ابراھیم خلیل علیہ السلام میں خصوصی خطاب کررہے تھے۔

انھوں نے بتایاکہ فرائض کی تکمیل کو اولیت حاصل ہے۔ فرائض کے بعد ہی نوافل کانمبر آئے گا۔ کلمہ طیبہ کے اقرار کے ساتھ ہی نماز، روزہ، زکوٰۃ اور حج لازمی ہے۔ اسی طرح اقامت دین کاکام لازم ہوجاتاہے۔ دین کی اقامت کی طرف کم توجہ دینا ٹھیک نہیں۔ امربالمعروف اور نہی عن المنکر بھی اسی میں شامل ہے۔

جناب محمد مقصود احمدمدرس نے المائدہ کی آیات کا درس دیتے ہوئے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے ہر نبی کو اپنے وقت کے حساب سے دنیا میں بھیجا اور لوگوں کی ہدایت کاسامان کیا۔ جن رسولوں پر کتابیں اتاریں وہ کتابیں اس وقت ہی کے لئے تھیں۔ بعد میں جب دوسری کتاب آتی تھی تو سابقہ کتاب کی (بہت سی) باتیں منسوخ قرار دی جاتی تھیں۔ اور تازہ ترین کتاب کو مانناپڑتاتھا۔ یہی حا ل یہودیوں کے دور کے بعد حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی آمد پر ہوا۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو انجیل دی گئی۔ اورتب توریت اور زبور کے (بعض)احکامات خود بخود کالعدم ہوگئے۔

جبکہ شریعت کی بنیادی باتیں وہی رہیں جو موسیٰ علیہ السلام کے زمانے میں تھیں۔ ان لوگوں (یہود) سے کہہ دیاگیاتھاکہ ذراسامعاوضہ لے کر میری آیات کو فروخت نہ کرو۔ لوگوں سے نہ ڈرو بلکہ مجھ (اللہ) سے ڈرو۔لیکن ان لوگوں نے ایسا نہیں کیااور کافروں میں سے ہوگئے۔ جناب محمدنظام الدین امیرمقامی نے اختتامی خطاب کیا۔ اور اعلانات سنائے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!