اسلام میں اوہام پرستی کے لیے کوئی جگہ نہیں، صدقہ نکال کر سہ راہوں پر پھینکنا خلاف شرع کام: مرزاچشتی صابری نظامی
بیدر:3/ڈسمبر (وائی آر ) مرز اچشتی صابری نظامی کا تعلق صوفیاء کرام سے ہے۔ وہ بیدر کی ایک خاموش شخصیت ہیں جنہیں صوفیائے کرام کی تحقیق پر پورا اطمینان ہے۔ وہ اپنے ”صوفیاء گروپ“ نامی واٹس ایپ گروپ کے ذریعہ اپنے معتقدین اور پیروجوان کو صوفیائے کرام کی تحقیقات سے آشناکراتے ہوئے درسِ تصوف دیتے ہیں۔ اور یہ سلسلہ ئرشدوہدایت کئی سال سے جاری وساری ہے۔
گذشتہ اتوار کو انھوں نے جودرس دیا ہے وہ اوہام پرستی اور خلاف شرع حرکات سے متعلق ہے۔ انھوں نے کئی باتیں پیش کی ہیں، کہاہے کہ اگر چھپکلی جسم پر گرجائے تو بڑا ہنگامہ کھڑا کیاجاتاہے، وہ جسم پر کہاں گری، سرپر، داہنے کندھے پر، بائیں کندھے پر، وغیرہ وغیرہ۔ اور اس کا الگ الگ مطلب نکالتے ہیں، فوراً غسل بھی کرلیاجاتاہے۔ یہ سب باتیں فضول اور سوائے اوہام پرستی کے اور کچھ نہیں۔ واہیات اور مطلق غلط ہیں۔
وہ آگے لکھتے ہیں۔مرد کی بائیں آنکھ اور عورت کی دائیں آنکھ پھڑکے تو کسی بلاکی آمد کاشگون لیاجاتاہے۔ جو بالکل غلط ہے۔ اور بے اصل ہے، خلاف شرع بھی ہے۔ اکثرآپ نے دیکھاہوگاکہ نماز جنازہ کی تکبیرات کہتے وقت سرآسمان کی طرف اٹھاتے ہیں۔ یہ بھی بالکل غلط ہے اور اس تعلق سے کوئی روایت نہیں ہے۔ کہتے ہیں کہ زچہ 40دن تک نماز نہ پڑھے۔ بچہ پیدا ہونے کے بعد نفاس کے خون آنے کی انتہائی مدت 40دن ہے اور کم مدت کی کوئی حد نہیں ہے۔ جس وقت یا جب خون موقوف ہوجائے تو عورت غسل کرکے پاک ہوجاتی ہے اور نماز بھی پڑھ سکتی ہے۔
بعض صاحبین (عورتیں ہوں یامرد) نمازپڑھنے کے بعد جائے نماز کا کونہ الٹ دیتے ہیں، اور ان کاگمان ہوتاہے کہ اگر نہ الٹیں تو اس پر شیطان نماز پڑھتاہے۔بالکل غلط بلکہ جاہلانہ خیال ہے۔ یہ بھی مشہور ہے کہ سورج گرہن اور چاند گرہن کے وقت کھانا پینا بند کردینا چاہیے۔ بالکل غلط اور بے اصل بات ہے۔ البتہ وہ وقت توجہ الی اللہ کا ہوتاہے۔اگر کسی کا تذکرہ ہورہاہے اور وہ عین اس وقت آجائے تو کہتے ہیں کہ تمہاری عمر بڑی ہے، آپ ہی کاتذکرہ چل رہاتھا۔ غلط اور محض ایک خیال ہے۔
کوئی بیمار ہوجائے تو صدقہ اس طرح نکالتے ہیں کہ کوئی کھانے کی چیز جیسے پوریاں، انڈا، ناریل، لیمووغیرہ بیمارپرسے وار کر جہاں تین راستے ملتے ہیں وہاں یاقبرستان یاپھر دریا کے پاس رکھ دیتے ہیں۔ بالکل غلط اور کافروں سے اخذ کردہ طریقہ ہے۔ بجائے اس کے کسی غریب ویتیم کی مددکریں۔ حضرت مرزاچشتی صابری نظامی نے درس کے آخر میں لکھاہے کہ ایسی پچاسوں باتیں ہیں جو سوائے اوہام پرستی اور خلاف شرع حرکات کہ مطلق کچھ نہیں۔ اللہ نیک توفیق دے۔