یوم معذورین پر بیدر میں پروگرام کاانعقاد، معذور خواتین کی تہنیت
بیدر:3/ڈسمبر (وائی آر ) تعجب خیز اور حیرت انگیز کام کے لئے خصوصی کوششیں ضروری ہیں۔ یہ بات کتوررانی چنماں مہیلامنڈلی کی صدر گورماں سداریڈی نے کہی۔ منگل کو شہر کے گمپا راستہ پر واقع ٹیچرس کالونی کے کتوررانی چنماں راحتی (بازآبادکاری) مرکز میں بین الاقوامی معذورین دن تقریب کی وہ صدارت کررہی تھیں۔ انھوں نے کہاکہ معذور ہونا کسی بددعا کانتیجہ تونہیں، یہ وہ سوال ہے جو ہماری زندگی میں ہم کرتے ہیں۔یہ دراصل ہماری مورکھتا کانتیجہ ہے۔
جبکہ معذورین کی مدد انسانی دھرم میں شامل ہے۔ ہمارے تمام ادارے اس تعلق سے جوابدہ ہیں۔ ودیاوتی ہیرے مٹھ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے معذور ہونے والوں کو حوصلہ دیا اور کہاکہ وہ آگے بڑھیں۔ مہمان خصوصی جو ریاستی سطح کے تعلیمی ایوارڈ سے نوازی گئی ہیں، سنیتاداڑگے نے کہاکہ بھگوان کی نظر میں سارے انسان یکساں ہیں۔
جس کے تمام لوگ گواہ ہیں۔ لیکن معذورین نے کچھ اس طرح کامظاہرہ کیاہے کہ وہ عام انسانوں سے زائد صلاحیتیں رکھتی ہیں۔لیکن اسکے لئے ضرورت اس بات کی ہے کہ معذورین کو سماج زائدمواقع عطا کرے۔ ان کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ تہنیت قبول کرنے کے بعد بین الاقوامی اتھلیٹ ودیاوتی ہیرے مٹھ نے بتایاکہ اچھے مظاہرے کے لئے رہنمائی اور حوصلہ افزائی ضروری ہے۔ چاہے وہ معذور فرد ہویا عام انسان سب کے لئے اس کی ضرورت سے انکا رنہیں کیاجاسکتا۔ اگر میں بین الاقوامی سطح پر پہچانی گئی ہوں اور ورلڈ چمپئین قرار دی گئی ہوں تو دراصل اس کا سہرا راجستھان کے دیویندر ججاریہ کے سر جاتاہے۔
اس موقع پر صنعت کاری کے میدان میں کامیابی حاصل کرنے والی خواتین سنیتا سندیپ اور شاہ جہاں بیگم کو بھی تہنیت پیش کی گئی۔ آغاز میں گیتا شری ہری نے استقبال کیا۔ اور پروگرام کی نظامت کی۔ راج کماری نے اظہار تشکر کیا۔ کتور رانی چنماں منڈلی کے دیگر عہدیدار، دیگر اسکیمات کے اسٹاف سمیت کئی معذور خواتین نے پروگرام میں حصہ لیا۔