مادہ پرستی اب ایک تہذیب بن چکی ہے اوراولڈ ایج ہوم اِسی کی دین ہے: راشد خان
جماعتِ اسلامی ہند، ممبئی میٹرو کے ایک روزہ تربیتی اجتماع سے دانشوران کاخطاب
ممبئی: یکم ڈسمبر(اے این بی) ساجد محمود شیخ کے مطابق جماعتِ اسلامی ممبئی کی جانب سے شہر ممبئی وابستگانِ جماعت کی تربیت کے لئے ایک یک روزہ تربیتی اجتماع جوگیشوری کے اسکالر ہائی اسکول میں منعقد کیا گیا۔
اجتماع میں بڑھتی مادہ پرستی اور خاندان پر اظہارخیال کرتے ہوئے رکن جماعت راشد خان نے کہا کہ مادہ پرستی ایک تہذیب بن چکی ہے۔ آج ہرکس و ناکس اسمیں گرفتار ہے۔ مادہ پرستی نے رشتوں کو متاثر کیا ہے۔ اور اس کے اثرات براہمی رشتوں پر پڑنے لگے ہیں۔ اولڈ ایج ہوم اسی مادہ پرستی کی دین ہے۔ ڈاکٹر سلیم خان صاحب نے ملت میں ابھرتا ہوا نفاق کے عنوان پر تجزیہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ہمیشہ اپنے موقف پر قائم رہنا چاہئے۔ انہوں نے قرآن مجید کی آیات کی روشنی میں نفاق کو اجاگر کیا۔
اجتماع میں پینل ڈسکشن بھی رکھا گیاتھا جسمیں حصہ لیتے ہوئے مرکز المعارف کے ڈائریکٹر مولانا بُرہان الدین قاسمی نے کہا کہ مخلوط حکومتیں اقلیتوں کے لئے فائدہ مند ثابت ہوتی رہیں ہیں۔ حکومت کے کم از کم مشترکہ پروگرام خوش آئند ہے۔ انہوں نے امید جتائی کہ یہ سرکار اپنی میعاد مکمل کرے گی۔ ساتھ ہی انہوں نے اس نئے اتحاد کو بی جے پی کے خاتمہ کا پیش خیمہ قرار دیا۔ بی جے پی مخالف پارٹیوں کو یہ کامیابی عوام کی اسمارٹ رائے دہی کی بدولت ہے۔
پینل کے دوسرے پینلسٹ ایم پی جے مہاراشٹر کے صدر محمد سراج نے کہا کہ ریاست کے مراٹھا ریزرویشن کے مسئلہ پر بی جے پی سے ناراض تھیں۔ بھیما کورے گاؤں کے واقعہ کے پس منظر میں دلت بھی حکومت سے ناراض تھے۔ سیاسی تجزیہ نگار ڈاکٹر سلیم خان نے نئے حکمران محاذ کے نام میں شیو اگھاڑی کی جگہ وکاس اگھاڑی کی شمولیت اتحاد کے سیکولرازم کی شبیہہ کو اجاگر کرتا ہے۔
حکومت کے مستقبل پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہار میں جس طرح تفتیشی ایجنسیوں کا دباؤ ڈال کر سیکولر حکومت کو گراکر بی جے پی نےاپنے ساتھ حکومت بنالی تھی۔ اور کرناٹک میں سازشوں کی بدولت حکومت کا شیرازہ بکھرنے گیا تھا۔ یہاں مہاراشٹر میں بھی اس کی کوشش ہوسکتی ہے۔ مگر اِس کے امکانات کم ہیں۔
اجتماع کا آغاز درسِ قرآن مجید سے ہوا مولانا حسن کمال ندوی نے درسِ قرآن میں سورۂ آل عمران کی آیت کی تشریح کرتے ہوئے کہا کہ زندگی کے ہر کام کو اللّہ سبحانہ وتعالی سے ڈر کر خوش اسلوبی سے کرنا ہی تقویٰ ہے۔آخر میں جماعتِ اسلامی ممبئی میٹرو کے ناظمِ شہر جناب عبد الحسیب بھاٹکر نے اختتامی خطاب میں کہا کہ ہمیں نمودونمائش سے بچنے کی ضرورت ہے۔ دعا پر اجتماع کا ختم ہو۔ اجتماع میں مردوخواتین کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔