مہاراشٹر میں شیو سینا-کانگریس-این سی پی کی حکومت، ادھو سمیت 6 وزارء کی حلف برداری
وزیر اعظم مودی نے ادھو ٹھاکرے کو مبارک باد پیش کی
ادھو ٹھاکرے کے مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لینے کے بعد وزیر اعظم نریدنر مودی نے انہیں مبارک باد پیش کی ہے۔ وزیر اعظم نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر لکھا، ’’مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لینے کے لئے ادھو ٹھاکرے جی کو مبارک باد۔ مجھے پورا یقین ہے کہ وہ مہاراشٹر کے روشن مستقبل کے لئے بہتر طریقہ سے کام کریں گے۔‘‘
مہاراشٹر میں شیو سینا-کانگریس-این سی پی کی حکومت، ادھو سمیت 6 وزارء کی حلف برداری
ادھو ٹھاکرے کے بعد شیوسینا کے ایکناتھ شندے اور سبھاش دیسائی نے وزیر کے عہدے کا حلف لیا ہے۔ اس کے بعد، این سی پی قانون ساز پارٹی کے رہنما جینت پاٹل اور چھگن بھج بل نے این سی پی کوٹہ سے حلف لیا۔ دریں اثنا، کانگریس قانون ساز پارٹی کے سربراہ بالا صاحب تھورات اور نتن راؤت نے وزیر کے عہدے کا حلف لیا۔
شیو سینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے ممبئی میں واقع شیوا جی پارک پہنچے ہیں اور کچھ ہی دیر میں وہ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔ سابق وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس بھی حلف برداری تقریب میں پہنچے۔
شیواجی پارک پوری طرح تیار
ممبئی کا شیواجی پارک تاریخی لمحات کا گواہ بننے جا رہا ہے کیونکہ شیو سینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے یہاں کچھ ہی دیر میں حلف لینے والے ہیں۔ این سی پی-کانگریس-شیوسینا مخلوط حکومت کی حلف برداری کے لئے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور ان تاریخی لمحات کا حصہ بننے کے لئے لوگ یہاں ہزاروں کی تعداد میں تشریف لائے ہیں۔
مدھیہ پردیش کے سی ایم کمل ناتھ، ڈی ایم کے رہنما ایم کے اسٹالن، ٹی آر بالو، کانگریس رہنما کپل سبل، احمد پٹیل، ایم این ایس کے سربراہ راج ٹھاکرے سمیت متعدد سیاستدان ادھو ٹھاکرے کی حلف برداری میں شرکت کے لئے پہنچ چکے ہیں۔ اب صرف ادھو ٹھاکرے کے پہنچے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
تینوں پارٹیوں کا کم از کم مشترکہ پروگرام جاری، کسانوں کے لیے خوشخبری
شیوسینا، کانگریس اور این سی پی لیڈروں نے ایک پریس کانفرنس کر کے کم از کم مشترکہ پروگرام جاری کر دیا ہے۔ اس میں کسانوں و بے روزگاروں کے لیے کچھ بڑے وعدے کیے گئے ہیں۔ اس کے مطابق کسانوں کے قرض فوراً معاف کیے جائیں گے۔ ساتھ ہی ریاستی حکومت کے اندر آنے والے سبھی خالی عہدے بھرے جائیں گے۔ ریاست میں تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کو فیلوشپ دی جائے اور اس کے ساتھ ہی خواتین کی سیکورٹی کو سب سے زیادہ ترجیح دی جائے گی۔ کم از کم مشترکہ پروگرام کے مطابق کمزور معاشی پس منظر سے آنے والی بچیوں کو مفت تعلیم کا انتظام کیا جائے گا، ساتھ ہی وزیر اعلیٰ گرام سڑک یوجنا کی طرح شہری علاقوں میں سڑک کے لیے منصوبہ منظر عام پر آئے گا۔
اجیت پوار ایک بار پھر بنیں گے نائب وزیر اعلیٰ، نواب ملک نے کی تصدیق
میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق اجیت پوار ایک بار پھر نائب وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لیں گے۔ خبروں کے مطابق این سی پی ترجمان نواب ملک نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ نائب وزیر اعلیٰ کا عہدہ اجیت پوار کو ملے گا، حالانکہ آج وہ ادھو ٹھاکرے کے ساتھ حلف نہیں لیں گے۔ قابل ذکر ہے کہ بی جے پی کی حمایت کرنے کے بعد اجیت پوار فڑنویس حکومت میں بھی نائب وزیر اعلیٰ بنائے گئے تھے، لیکن بعد میں انھوں نے استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد وزیر اعلیٰ فڑنویس کو بھی استعفیٰ دینا پڑ گیا تھا۔28 Nov 2019, 4:10 PM
ادھو ٹھاکرے اب شیوسینا ترجمان ’سامنا‘ کے مدیر نہیں ہوں گے
وزیر اعلیٰ کا حلف لینے سے پہلے اُدھو ٹھاکرے شیوسینا ترجمان ’سامنا‘ کے مدیر عہدہ سے ہٹ گئے ہیں۔ ادھو ٹھاکرے نے یہ فیصلہ حلف برداری سے پہلے لیا اور شیوسینا کے ذمہ داران کو اس کی اطلاع دے دی۔ قابل ذکر ہے کہ ’سامنا‘ کی ادارتی ذمہ داری ’سنجے راؤت‘ کے ہاتھوں میں ہے جو کہ شیوسینا کے قومی ترجمان بھی ہیں۔