سپریم کورٹ کا تبصرہ: مفاد پرست سیاست دان اورجمہوری واخلاقی اقدارکی پامالی کرنے والوں کے لئے شرمناک سبق ہے
ساجد محمود شیخ، پوجا نگر ،میراروڈ
مکرمی!
مہاراشٹر میں حکومت سازی کیلئے ہوئی متنازعہ حلف برداری کے معاملے میں فیصلہ سناتے ہوئے سپریم کورٹ نے جہاں بی جے پی کو فوری طور پر ایوانِ اسمبلی میں اکثریت ثابت کرنے کا حکم دیا وہیں اپنے تبصرے میں موجودہ سیاسی صورتحال کو گھوڑا بازار کہا۔ جو کہ سیاست دانوں کے لئے انتہائی شرمناک ہے۔ اِس سے جمہوری اقدار کی پامالی اور اخلاقی قدروں کی گراوٹ صاف دکھائی دیتی ہے۔
گزشتہ چند برسوں سے یہ چلن عام ہوتا جارہا ہے کہ امیدوار ایک سیاسی جماعت کے ٹکٹ پر کامیاب ہوتے ہیں اور بعد میں ذاتی فوائد کے حصول کے لئے اپنی وفاداری تبدیل کرکے کسی دوسری جماعت کے ساتھ چلے جاتے ہیں اور حکومت میں شامل یوجاتے ہیں۔ بالخصوص موجودہ برسر اقتدار جماعت بھارتی جنتا پارٹی نے اِس کو بہت بڑھاوا دیا ہے۔ مگر اِس سے عوام کو بہت دلی تکلیف پہنچتی ہے اور وہ انتخابات اور جمہوریت سے بیزار ہوجاتے ہیں۔
سیاستدانوں کو چاہیئے کہ وہ ایمانداری کو اپناتے ہوئے اخلاقی قدروں اور جمہوری اقدار کی پاسداری کریں۔ اور عوام کے سامنے ووٹ مانگتے وقت جس سیاسی جماعت سے وابستہ تھے منتخب ہونے کے بعد بھی اُسی جماعت سے وابستہ رہیں۔