تازہ خبریںخبریںقومی

مندر میں چھپ رہے تھے نقلی نوٹ: 1 کروڑ سے زیادہ کے ملےنقلی نوٹ، پجاری سمیت 5 افراد گرفتار

گجرات کے سوامی نارائن مندر کا پجاری رادھا رمن جس کمرے میں رہتا تھا اسی کمرے میں نقلی نوٹ چھاپنے کی مشین چھپا کر رکھی ہوئی تھی۔ اس کمرے سے 2000 روپے کے 2500 جعلی نوٹ بھی برآمد ہوئے۔

نقلی نوٹ چھاپنے کے الزام میں گجرات کے الگ الگ علاقوں سے 5 لوگوں کو پولس نے گرفتار کیاہے۔ ان کے پاس سے ایک کروڑ روپے سے بھی زیادہ کے نقلی نوٹ برآمد ہوئے ہیں۔ میڈیا ذرائع کے مطابق سورت میں کرائم برانچ نے گزشتہ ہفتہ کی دیر شب ایک آپریشن کی شروعات کی تھی۔ مخبروں سے خبر ملنے پر پولس نے سب سے پہلے یہاں کے 19 سالہ ایک شخص پرتیک چوڈواڈیا کو گرفتار کیا۔ جس وقت کرائم برانچ نے چوڈواڈیا کو گرفتار کیا، اس وقت وہ اپنی کار میں نقلی نوٹوں کو لے کر سڑک پر گھوم رہا تھا۔

بتایا جاتا ہے کہ پولس نے چوڈواڈیا کے پاس سے اس وقت 2000 روپے کے کل 203 نقلی نوٹ برآمد کیے تھے۔ اس کے پاس سے 35000 روپے کا ایک فون بھی ملا تھا جسے پولس نے قبضے میں لے لیا۔ اس کے علاوہ تقریباً 5 لاکھ روپے کی چوڈواڈیا کی کار کو بھی پولس نے سیز کیا ہے۔ اس شخص نے پوچھ تاچھ کے دوران پولس کو بتایا کہ یہ ریکٹ کھیڑا ضلع کے امباؤ گاؤں واقع سوامی نارائن مندر احاطہ میں بنے ایک کمرے سے چلایا جا رہا ہے۔ یہ خبر ملتے ہی پولس نے 24 نومبر کو سبھی ملزمین کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دیں۔ پوری طاقت کے ساتھ جب پولس مندر کے کمرے میں پہنچی تو وہ بھی حیران رہ گئی۔

پولس ٹیم نے مندر کے کمرے سے کثیر تعداد میں نقلی نوٹ کے علاوہ غیر قانونی نوٹ چھاپنے کی مشین بھی برآمد کی۔ پولس نے 5 ملزمین کے پاس سے 2000 روپے کے 5013 نقلی نوٹ برآمد کیے۔ پولس نے اس سلسلے میں جن 5 لوگوں کو گرفتار کیا ہے ان میں سے ایک شخص سوامی نارائن مندر کا پجاری رادھارمن سوامی بتایا جا رہا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ رادھا رمن مندر کے اسی کمرے میں رہتا تھا جس کمرے میں نقلی نوٹ چھاپنے کی مشین کو چھپایا گیا تھا۔ پولس نے 2000 روپے کے 2500 جعلی نوٹ بھی اس کمرے سے برآمد کیے ہیں۔

رادھارمن اور پرتیک کے علاوہ جن لوگوں کو اس معاملے میں پکڑا گیا ہے، ان میں پروین جے چوپڑا، اس کا بیٹا کالو پروین چوپڑا شامل ہے۔ پولس کو پروین کے ایک اور بیٹے کی اس معاملے میں تلاش ہے۔ پولس کو شک ہے کہ اس کے پاس بھی کئی سارے نقلی نوٹ ہو سکتے ہیں۔ اس معاملے میں پولس نے ایک دیگر شخص موہن مادھو کو انکلیشور واقع اس کے گھر سے پکڑا ہے۔ موہن مادھو کے پاس سے 12 لاکھ روپے کے نقلی نوٹ ملے ہیں۔ ان سبھی ملزمین کو پکڑنے اور نقلی نوٹوں کی گنتی کے بعد کرائم برانچ نے بتایا کہ ان کے پاس سے 1 کروڑ روپے سے زیادہ کے نقلی نوٹ ملے ہیں۔

پولس کا کہنا ہے کہ اس معاملے میں ایک اور ملزم کی تلاشی جاری ہے، ساتھ ہی ساتھ اس بات کا بھی پتہ لگایا جا رہا ہے کہ انھوں نے نقلی نوٹ کے اس کاروبار کے ذریعہ اب تک کتنی کمائی کی ہے۔ یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ ملزم پروین چوپڑا کے خلاف 10 کیس درج ہیں۔ ان میں ایک نقلی نوٹ کا معاملہ بھی ہے۔اس معاملے میں سبھی ملزمین پر تعزیرات ہند کی دفع 489، 120(بی) اور دفعہ 34 کے تحت کیس درج کیا گیا ہے اور پولس اب اس معاملے میں آگے کی تفتیش میں مصروف ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!