ضلع بیدر سے

صرف مسلمانوں کی اصلاح ہی کو مکمل دعوت دین سمجھ لیا ہے، جو سراسرغلط ہے: مفتی افسرعلی نعیمی ندوی

اشٹور سنٹر کے مالے گاؤں میں منعقدہ جلسہ اصلاح معاشرہ سے مفتی افسرعلی نعیمی ندوی

بیدر: 25/ نومبر (اے این) مفتی افسر علی نعیمی ندوی نے اشٹور سنٹر کے مالے گاؤں میں منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہر قوم میں ہر نبی کو اسی کی زبان میں بھیجا، ہر نبی نے اپنی قوم کو خدائے وحدہ لاشریک لہ کی عبادت کرنے اور معبودان باطل کی عبادت چھوڑنے کی دعوت دی، ان کی قوم نے ان کو طرح طرح سے تکلیفیں دیں، برا بھلا کہا، انبیاء نے سب کو برداشت کیا اور اپنی مشن پر گامزن رہے، محمد ﷺ پر نبوت کا دروزہ بند ہوگیا، اب کوئی نبی آنے والا نہیں ہے، جو کام انبیاء کرتے تھے وہ ذمہ داری امت محمدیہ کو دی گئی ہے، اس لیے اس کو خیر امت کے خطاب سے نوازا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کیا یہ امت اپنے مشن پر گامزن ہے؟ نبیوں نے جس طرح ایک خدا کی عبادت کی طرف لوگوں کو دعوت دی، کیا یہ امت بھی اسی طرف بندہ ئ خدا کو بلا رہی ہے؟ رسول اللہ ﷺ نے امر بالعروف اور نہیں عن المنکر کو چھوڑدیا تو وہ وقت بھی آئے گا کہ دعا کریں گے تو دعا قبول نہیں ہوگی، آج یہ صورتِ حال ہمارے سامنے ہے، امر بالمعروف اور نہی عن المنکر صرف یہی نہیں ہے کہ مسلمانوں میں جو برائیاں ہیں اس کو روکا جائے اور اچھائی کا حکم دیا جائے، بلکہ سب سے بڑا منکر کفر اور شرک ہے۔

اللہ تعالیٰ نے دنیا سے کفر و شرک کو مٹانے کے لیے انبیاء کو مبعوث فرمایا۔ آج نام نہاد دین دار طبقہ صرف مسلمانوں کی اصلاح ہی کو مکمل دعوت دین سمجھ لیا ہے،جو سراسر غلط ہے، نبیوں نے بندہ خدا کو خدا کی بندگی کی طرف بلایا، ہزاروں خداؤں کی عبادت سے نکال کر ایک خدا کی عبادت کرنے کا پابند کیا۔ آج امت مسلمہ نے اپنے اس اہم فریضہ کو نظر انداز کر دیا، جس کی وجہ سے آ ج خشکی اور تری میں فساد برپا ہو گیا ہے۔

محمد ریاض الدین سریکار نے اپنے خطاب میں کہا کہ اجتماع کا مقصد یہ ہے کہ ہمارے اندر تبدیلی آ جائے، ہمارا یہاں جمع ہونا صرف رضائے الہی کے لیے ہے۔ ظاہر عبد اللہ نے کہا کہ عبادات، معاملات، اخلاقیات اور دیگر امور میں ہمیں یہ دیکھنا چاہیے کہ اللہ کا حکم اور نبی کا طریقہ کیا ہے؟ صحابہ کی زندگی کی طرح ہم کو اپنی زندگی بنانا ہے، اگر ہم مسجدوں کو آباد کریں گے تو اللہ تعالیٰ ہمارے گھروں کو آباد کرے گا۔

عبد القیوم نے درس حدیث میں کہا کہ نمازی کو بغیر حساب کے جنت میں داخل کر دیا جائے گا، قبر جنت کا باغ ہے یا جہنم کا ایک گڑھا ہے۔ ظہیر خان صاحب، عبد الرشید، جمیل سر، محمد غلام حیدر اور دیگر موجود رہے، اقبال زمیندار، اسماعیل زمیندار اور عبد الغفار نے پروگرام کو کامیاب بنانے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی، تمام شرکاء کے لیے بہترین ظہرانہ کا نظم کیا گیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!