مہاراشٹر میں سیاسی ہلچل جاری: شیوسینا لیڈر سنجے راؤت کی طبیعت بگڑی، لیلاوتی اسپتال میں داخل
مہاراشٹر میں سیاسی ہلچل کے درمیان شیوسینا کے لیے ایک بری خبر سامنے آ رہی ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق سنجے راؤت کو ممبئی کے لیلا وتی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ انھیں سینے میں درد کی شکایت ہوئی جس کے بعد انھیں داخل اسپتال کیا گیا ہے۔
شرد پوار اور ادھو ٹھاکرے کے درمیان چل رہی میٹنگ ختم
مہاراشٹر میں ایک طرف سیاسی ہلچل بڑھی ہوئی ہے اور دوسری طرف ابھی تک یہ صاف نہیں ہو سکا ہے کہ شیوسینا اور این سی پی مل کر حکومت سازی کریں گے تو اس میں کانگریس کا کردار کیا ہوگا۔ تقریباً ایک گھنٹے چلنے کے بعد شرد پوار اور ادھو ٹھاکرے کی میٹنگ بھی ختم ہو گئی ہے لیکن حکومت سازی سے متعلق تجسّس ہنوز برقرار ہے۔ این سی پی سربراہ کا کہنا ہے کہ وہ کانگریس کے ساتھ بات چیت کے بعد ہی اپنا نظریہ میڈیا کے سامنے پیش کریں گے کیونکہ اس نے کانگریس کے ساتھ اتحاد کر کے ہی الیکشن لڑا ہے۔
بی جے پی کے 7 اراکین اسمبلی نے این سی پی لیڈر اجیت پوار کو کیا فون
میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق بی جے پی کے 7 اراکین اسمبلی نے این سی پی کے سرکردہ لیڈر اجیت پوار سے فون پر بات چیت کی ہے۔ اس بات چیت کے بعد مہاراشٹر بی جے پی میں ہنگامہ برپا ہے۔ کچھ سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ بی جے پی کے یہ اراکین اسمبلی پارٹی چھوڑ کر این سی پی کا دامن بھی تھام سکتے ہیں۔
شیوسینا سربراہ ادھو ٹھاکرے اور این سی پی سربراہ شرد پوار کے مابین میٹنگ
ممبئی میں شیو سینا سربراہ ادھو ٹھاکرے اور این سی پی سربراہ شرد پوار کے درمیان میٹنگ چل رہی ہے، بتا دیں کہ این سی پی کا اجلاس تھوڑی دیر قبل ختم ہوا ہے، اجلاس کے بعد این سی پی لیڈر نواب ملک نے کہا کہ ہمارا جو بھی فیصلہ ہوگا وہ کانگریس سے بات کرنے کے بعد ہوگا، کانگریس نے آج شام 4 بجے میٹنگ بلائی ہے اور اس کے بعد ہی مہاراشٹر کو لے کر تصویر صاف ہو پائے گی۔
این سی پی کا اجلاس ختم، نواب ملک بولے- کانگریس کے ساتھ مل کر لیں گے کوئی فیصلہ
مہاراشٹر میں حکومت بنانے کو لے کر این سی پی کا چل رہا اجلاس ختم ہو گیا ہے، این سی پی لیڈر نواب ملک نے کہا کہ ہمارا جو بھی فیصلہ ہوگا وہ کانگریس سے بات کرنے کے بعد ہوگا، کانگریس نے شام 4 بجے میٹنگ بلائی ہے اور اس کے بعد ہی مہاراشٹر کو لے کر تصویر صاف ہو پائے گی، نواب ملک نے کہا کہ این سی پی کانگریس کے بغیر ایوان میں شیوسینا کو اکثریت نہیں دے گی۔