بی جے پی مہاراشٹر میں صدر راج تھوپنا چاہتی ہے: شیو سینا
ممبئی میں بی جے پی نمائندہ وفد کے ذریعہ گورنر سے ملاقات کے بعد شیوسینا نے بی جے پی پر بڑا حملہ کیا ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیو سینا لیڈر سنجے راؤت نے کہا کہ ’’مہاراشٹر مین اس وقت بی جے پی سب سے بڑی پارٹی ہے، لیکن وہ حکومت بنانے کا دعویٰ پیش نہیں کر رہی ہے۔ اس کا مطلب صاف ہے کہ وہ اکثریت حاصل نہیں کر پا رہی ہے۔ بی جے پی مہاراشٹر پر زبردستی صدر راج تھوپنا چاہتی ہے۔ یہ ریاستی عوام کی بے عزتی ہے۔‘‘
راؤت نے مزید کہا کہ ’’بی جے پی صاف صاف یہ بتائے کہ وہ حکومت نہیں بنا سکتی ہے۔ بی جے پی یہ بولے کہ وہ اپوزیشن میں بیٹھے گی۔ بی جے پی صدر راج نافذ کرنے کا ماحول پیدا کر رہی ہے، یہ مہاراشٹر کے خلاف ہے۔ بی جے پی کا فیصلہ آئین کے خلاف ہے۔ اگر بی جے پی گورنر سے مل کر آئی ہے تو اسے گورنر کے سامنے اکثریت کا اعداد و شمار بھی پیش کرنا چاہیے تھا۔‘‘