اترپردیشریاستوں سے

ٹیچر کی شکایت پرنسپل سے کرنا 15 سالہ طالبہ کو پڑا مہنگا، خون سے لت پت لاش پہنچی گھر

اتر پردیش میں جرائم کے واقعات کا عروج کئی اعداد و شمار سے ثابت ہو چکا ہے اور خصوصاً خواتین کے خلاف جرائم میں تو ریاست پورے ملک میں بدنام ہو چکا ہے۔ اتر پردیش کے کانپور دیہات ضلع میں درجہ 8 کی طالبہ کو اپنے ہی ٹیچر کے ظلم کا شکار ہونا پڑا۔ جب خون سے لت پت لاش اس کے گھر پہنچی تو اہل خانہ کے درمیان ماحول انتہائی غمناک تھا۔

دراصل 15 سالہ طالبہ نے اپنے 25 سالہ ٹیچر شیلندر سنگھ کے خراب رویہ کی شکایت اسکول پرنسپل سے کی تھی۔ چونکہ طالبہ کی شکایت کافی سنگین تھی اس لیے اسکول انتظامیہ نے ٹیچر کو اسکول سے نکالنے کا فیصلہ سنا دیا تھا۔ یہ فیصلہ شیلندر سنگھ کو برداشت نہیں ہوا اور اس نے اسکول سے گھر واپس لوٹتے طالبہ کو گولی کا نشانہ بنا دیا۔ وہ خون میں لت پت سڑک پر تڑپتی رہی اور جب اسے اسپتال پہنچایا گیا تو علاج کے دوران اس نے دم توڑ دیا۔

کانپور دیہات کے ایس پی انوراگ وَتس نے اس واقعہ کے تعلق سے بتایا کہ شیلندر سنگھ اسکول سے نکالے جانے کے بعد بھی 15 سالہ بچی کا پیچھا کیا اور 24 اکتوبر کی صبح اسے سڑک پر چلتے ہوئے گولی مار دی۔ انھوں نے مزید بتایا کہ طالبہ کو اٹاوا پی جی آئی اسپتال میں علاج کے لیے داخل کرایا گیا تھا جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہو گئی۔ پولس کا کہنا ہے کہ ٹیچر اور اس کے ساتھ موجود ایک نامعلوم فرد کے خلاف قتل کا معاملہ درج کر لیا گیا ہے۔

مقامی پولس اسٹیشن کے ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ لڑکی کے ساتھ ایک اسکولی طالب علم بھی تھا اور تنہا وہی اس کیس کا چشم دید گواہ ہے۔ اس نے پولس کو بتایا کہ ملزم شیلندر ایک دیگر شخص کے ساتھ بائک پر آیا تھا۔ طالب علم نے یہ بھی بتایا کہ شیلندر نے زبردستی لڑکی کو بائک پر بٹھانے کی کوشش کی لیکن وہ اس کی مخالفت کرتی رہی۔ ناراض ملزم شیلندر سنگھ نے طمنچہ نکال کر طالبہ کی گردن میں گولی مار دی اور موقع سے فرار ہو گیا۔ وہاں سے گزر رہے لوگوں نے طالبہ کے گھر والوں کو خبر دی۔

بچی کی موت کی خبر سن کر علاقے کے لوگوں میں کافی غم اور غصے کا ماحول ہے۔ ناراض لوگوں نے بڑی تعداد میں اسکول پر پہنچ کر ہنگامہ بھی کیا۔ انھوں نے غصے میں کرسیاں توڑیں اور ملازمین کی پٹائی بھی کر دی۔ پولس نے موقع پر پہنچ کر کسی طرح حالات کو قابو میں کیا۔ دراصل کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ اسکول بس خراب تھی جس کی وجہ سے طالبہ ایک طالب علم کے ساتھ اپنے گھر لوٹ رہی تھی۔ اسکول کی لاپروائی کی وجہ سے گاؤں والے کافی نارض تھے۔ کانپور دیہات کے ایس پی انوراگ وَتس نے ملزمین کی جلد گرفتاری کی بات کہی ہے اور یہ بھی کہا ہے کہ اسکول بس خراب ہونے پر تنہا گھر بھیجنے کی اسکول کی ذمہ داری طے ہوگی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!