بہار: بھاگلپور میں موب لنچنگ واقعہ سے ماحول کشیدہ، قصورواروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ
بہار میں موب لنچنگ کے ایک اور واقعہ سامنے آیا ہے جس سے ماحول کافی کشیدہ ہے۔ واقعہ بھاگلپور کا ہے جہاں محمد افشار انصاری نامی ایک 36 سالہ نوجوان کا پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ جگدیش پور تھانہ حلقہ واقع چک فاطمہ کے قریب بھیڑ نے افشار انصاری کو بچہ چور سمجھ کر اتنی پٹائی کی کہ وہ اَدھ مرا ہو گیا۔ میڈیا ذرائع کے مطابق افشار دہاڑی مزدور تھا اور ہفتہ کی شام وہ کام سے اپنے گھر میرا چک لوٹ رہا تھا۔ راستے میں کچھ لوگوں نے اسے بچہ چور سمجھ کر پٹائی شروع کر دی اور نیم مردہ حالت میں ندی کے کنارے پھینک دیا جہاں اس کی موت واقع ہو گئی۔ اس واقعہ کے بعد علاقے میں ماحول کشیدہ ہے اور افشار کے گھر والوں نے پولس سے مطالبہ کیا ہے کہ قصورواروں کے خلاف جلد کارروائی کی جائے۔