بیدرمیں ایس آئی او کی 19 /اکتوبرکو ہوگی “اسٹوڈنٹس کانفرنس”، طلبہ اور نوجوانوں سے شرکت کی اپیل
بیدر: 17/ اکٹوبر (اے این بی) برادر محمد صلاح الدین فرحان آرگنائزر اسٹوڈنٹس کانفرنس کی جاری کردہ پریس ریلیزکے مطابق اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (ایس آئی او) اپنے قیام سے ہی طلبہ اور نوجوانوں میں اخلاقی و دینی شعور اور تربیت کے لئے ہمیشہ کوشاں رہی ہے۔مختلف مواقعوں سے نئی نسل میں دینی شعور،اخلاقی تربیت اور ذمہ دار شہری بنانے کے لیے مختلف سرگ رمیوں کو انجام دینا اسکے پروگرامز میں شامل ہے۔
موجودہ حالات کے تناظر میں طلبہ اور نوجوانوں کے اندر اخلاقی ماحول کو پروان چڑھانے، مثبت سونچ و فکر کے ساتھ سماج کی تئیں ان کی ذمہ داریوں اورعملی میدان میں صلاحیتوں کے صحیح استعمال پر آمادہ کرنے کی ضرورت ہے۔ اس کے پیش نظر ایس آئی او، بیدر یونٹ کی جانب سے ایک عظیم الشان ”اسٹوڈنٹس کانفرنس” 19 /اکتوبر 2019 بروز ہفتہ صبح 10بجے سے دوپہر 2 بجے تک، برید شاہی فنکشن ہال، نزد امبیڈکر سرکل، بیدر میں منعقد کی جارہی ہے۔ کانفرنس کا مرکزی موضوع قرآن کی اِس آیت کریمہ کہ”اگر تم نہ اُٹھو گے تو خدا تمہیں دردناک سزا دے گا” (سورہ التوبہ – آیت نمبر 39) ہو گا۔ اس کانفرنس میں مختلف موضوعات پرمقامی، ریاستی اور ملکی سطح کے مختلف دانشوران اور طلبہ تنظیم کے ذمہ داران خطاب کریں گے۔
کانفرنس میں ڈاکٹر صاحب ڈاکٹر بلگامی محمد سعد صاحب سرپرست ایس آئی او، کرناٹک وامیر حلقہ جماعت اسلامی ہند،کرناٹک کا کلیدی خطاب ہوگا۔ جبکہ مرکزی موضوع ‘اگر تم نہ اٹھو گے تو خدا تمہیں دردناک عذاب دے گا’ پر جناب لئیق احمد خان عاقل سابق قومی سکریٹری رابطہ عامہ و صدر حلقہ ایس آئی او تلنگانہ زون مخاطب کریں گے۔ جبکہ کانفرنس کی صدارت برادر نہال کِڈیور صاحب ریاستی صدر ایس آئی او، کرناٹک کریں گے اور ان کا صدارتی خطاب ہوگا۔ علاوہ ازیں اس کانفرنس کو معاون امیر حلقہ جماعت اسلامی ہند، کرناٹک جناب یوسف کنی صاحب، جناب محمد آصف الدین صاحب رکن شوریٰ رکن مجلس شوریٰ جماعت اسلامی ہند کرناٹک، جناب الطاف امجد صاحب سابق ممبر ایڈوائزری کونسل ایس آئی او، کرناٹک اور دیگر مخاطب کریں گے۔
اس موقعہ پر محمد عاقب حسین صدر مقامی ایس آئی او، بیدر یونٹ نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ کانفرنس کو کامیاب بنانے کے لیے وابستگان ِایس آئی او کے علاوہ دیگر نوجوانوں کی گزشتہ پندرہ بیس دنوں سے تیاریاں بڑے زور و شور سے جاری ہیں، شہر کے مختلف چوراہوں پر ہورڈنگس، پوسٹرز اور بینرز کے علاوہ سوشل میڈیا کا بھی بھرپور استعمال کرتے ہوئے کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ وابستگان تنظیم کالجز اور اسکولس پر مختلف انفرادی و اجتماعی ملاقاتوں کے ذریعے کانفرنس میں طلبہ اور نوجوانوں کی بڑی تعداد کو شرکت کرانے کی ہر ممکنہ کوشش جاری رکھے ہوئے ہیں۔ صدر مقامی ایس آئی او، بیدر یونٹ نے طلبہ اور نوجوانوں سے اس بات کی اپیل کی ہے کہ موجودہ حالات کے تناظر میں اس کانفرنس میں شرکت کریں اور اپنی ذمہ داریوں یاد کرتے ہوئے سماج میں مثبت تبدیلی کے لیے اپنے آپ کو تیار کریں۔