ریاستوں سےمہاراشٹرا

انجُمن خیرالاسلام اردو اسکول، مدنپورہ میں یومِ ترغیبِ مطالعہ کا اہتمام‎

پندرہ اکتوبر کو سابق صدرِ جمہوریہ ڈاکٹر اے پی جے عبد الکلام کے یومِ پیدائش کی مناسبت سے اسکولوں میں یومِ ترغیبِ مطالعہ کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ انجُمن خیرالاسلام اردو اسکول برائے طالبات مدنپورہ ممبئی میں بھی یومِ ترغیبِ مطالعہ کا اہتمام کیا گیا۔ اسکول کی سبھی طالبات نے کتابوں کی خواندگی کی۔ اس موقع پر ایک نمائش کے ساتھ پروگرام کا بھی اہتمام کیا گیا۔ نمائش میں سابق صدر کی تصاویر پیش کی گئیں جن میں بچپن سے آخر تک زندگی کی جھلکیاں دکھائی گئیں اور اُن کے کارہائے نمایاں پیش کئے گئے۔

پروگرام کا آغاز تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا۔ اس کے بعد اردو کی استاد محترمہ نسرین نے مطالعہ کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ کتابیں پڑھنے سے ہماری معلومات میں اضافہ ہوتا ہے ۔ سپروائزر انجم سید نے کہا کہ مطالعہ سے ہماری سمجھا اور عقل میں پختگی آتی ہے۔

لائبریرین ساجد محمود شیخ نے کہا کہ سوشل میڈیا کے زمانے میں کتابیں پڑھنے کا چلن کم ہوتا جارہا ہے۔ مگر سوشل میڈیا میں جو معلومات آ تی ہیں وہ ادھوری ہوتی ہیں اور غیر مصدقہ ہوتی ہیں۔ اس لئے ہمیں معلومات کے حصول کے لئے سوشل میڈیا پر انحصار نہ کرتے ہوئے کتابوں کے مطالعے کی عادت ڈالنے کی ضرورت ہے۔

پرنسپل رابعہ قریشی نے طالبات کو نصابی کتابوں کے ساتھ ساتھ لٹریچر اور تاریخی کتب کے مطالعے کی تلقین کی۔ اختتام پر پروگرام کی انچارج ٹیچر دکنی نصرت سلطانہ نے سب کا شکریہ ادا کیا۔ 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!