اب اے ٹی ایم سے غائب ہونے والے ہیں 2000 اور 500 روپے کے نوٹ!
کیا 2000 اور 500 روپے کے نوٹ بند ہونے جار ہے ہیں؟ نہیں، لیکن اب زیادہ نظر بھی نہیں آئیں گے، کم از کم بینکوں کے اے ٹی ایم سے تو 2000 کا نوٹ باہر نہیں آئے گا، کیونکہ بہت سے سرکاری اور نجی بینکوں نے اپنے اے ٹی ایم سے 2000 کے نوٹ کی کیسٹ ہٹانے کا کام شروع کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ 2000 روپے کا نوٹ اب اے ٹی ایم سے باہر نہیں نکلا کرے گا۔ اس کے بجائے فی الحال 500، 200 اور 100 روپے کے نوٹ باہر آئیں گے لیکن زیر بحث ہے کہ جلد ہی 500 روپے کا نوٹ بھی ماضی کا حصہ ہو جائے گا اور صرف 200 اور 100 روپے کے نوٹ چلن میں رہ جائیں گے۔
اطلاعات ہیں کہ ریزرو بینک نے 2000 روپے کے نوٹ چھاپنا بند کر دیئے ہیں اور ایس بی آئی سمیت متعدد بینکوں نے 2000 روپے کے نوٹ اپنے اے ٹی ایم میں رکھنا چھوڑ دیئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی بینکوں نے اے ٹی ایم میں 2000 روپے کے نوٹ والی کیسٹوں کو بھی تبدیل کرنا شروع کر دیا ہے۔ ان کی جگہ پر چھوٹے نوٹ رکھے جائیں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اگر کوئی 2000 روپے کا نوٹ چاہتا ہے تو اسے بینک کی برانچ سے رابطہ کرنا پڑے گا۔
اگرچہ 2000 روپے کے نوٹ کو مکمل طور پر چلن سے باہر کرنے میں وقت لگے گا لیکن اس کی شروعات چھوٹے شہروں سے کر دی گئی ہے۔ فی الحال چھوٹے شہروں اور قصبوں میں موجود اے ٹی ایم کی 2000 روپے کی کی کیسٹوں تبدیل کی جا رہا ہی لیکن یہ مہم شہروں میں شروع نہیں کی گئی ہے۔ بینک ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ سب کچھ ریزرو بینک کی ہدایت کے تحت کیا جا رہا ہے۔
حکومت 2000 روپے کے نوٹ کو بند کررہی ہے، ایسی افواہ بھی پھیل سکتی تھی، لہذا یہ کام آہستہ آہستہ اور مرحلہ وار کیا جا رہا ہے۔ ایک اخبار نے نجی بینک کے عہدیدار کے حوالے سے بتایا ہے کہ ریزرو بینک نے بینکوں سے کہا ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ 500، 200 اور 100 روپے کے نوٹ اے ٹی ایم میں رکھیں، تاکہ لوگوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ تہوار کا سیزن ختم ہونے کے بعد اس کام میں تیزی آئے گی۔
یاد رہے کہ نومبر 2016 میں وزیر اعظم نریندر مودی نے نوٹ بندی کا اعلان کیا تھا اور 1000 اور 500 روپے کے پرانے نوٹوں پر پابندی عائد کردی تھی۔ اس اعلان کے اگلے دن سے، حکومت نے 2000 روپے کا نیا نوٹ جاری کیا تھا۔ گلابی رنگ کے اس نوٹ کے مارکیٹ میں آنے کی وجہ سے عام لوگوں اور چھوٹے دکانداروں کو سب سے زیادہ پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ کیونکہ اس نوٹ کے کھلے پیسے حاصل کرنا آسان کام نہیں تھا۔
بینک حکام کے مطابق ریزرو بینک کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ 2000 روپے کے نوٹ کی گردش کو روکا نہیں جا رہا ہے اور وہ آگے بھی چلن میں رہے گا لیکن اے ٹی ایم سے اس کا انخلاء بند جائے گا۔
امر اجالا کی ایک خبر کے مطابق اتر پردیش کی کانپور زون کے اناؤ ضلع میں اسٹیٹ بین آف انڈیا نے اے ٹی ایم سے 2000 کے نوٹ کو ہٹا دیا ہے، لہذا اب اس ضلع کے کسی ایس بی آئی اے ٹی ایم سے 2000 کا نوٹ نہیں مل پائے گا۔