نجیب کی ماں کو 5 لاکھ کا چیک اور بھائی حسیب کو مستقل ملازمت: دہلی وقف بورڈ
دہلی وقف بورڈ نے جے این یو سے 3 سال قبل غائب طالب علم نجیب احمد کی ماں کو 5 لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔ ساتھ ہی وقف بورڈ نے نجیب کے چھوٹے بھائی حسیب احمد کو دہلی وقف بورڈ میں مستقل ملازمت بھی دی تاکہ نجیب کی فیملی کے ساتھ کچھ انصاف ہو سکے۔ جب نجیب احمد کی ماں کو دہلی وقف بورڈ نے چیک پیش کیا، اس وقت عآپ رکن اسمبلی اور دہلی وقف بورڈ کے چیئرمین امانت اللہ خان بھی موجود تھے۔ قابل غور یہ ہے کہ اس موقع پر 200 دیگر ضرورت مند خاندانوں کی بھی وقف بورڈ نے مدد کی اور ان کے درمیان 50 لاکھ روپے تقسیم کیے گئے۔
اس دوران نجیب کی والدہ جے این یو کے سابق طلبہ یونین صدراین سائیں بالا جی کے ساتھ بورڈ آفس پہونچی تھیں۔ امانت اللہ خان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نجیب جو کئی سال قبل جے این یو سے گم ہوگیا تھا اور جس کا ابھی تک کچھ پتہ نہیں چل پایا ہم ان کی پریشانیوں کو سمجھتے ہیں اور اس درد میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے آگے کہا کہ ہم بورڈ کی طرف سے ان کا 5 لاکھ روپیوں سے تعاون کرکے اور ان کے دوسرے بیٹے حسیب کو ملازمت کی پیش کش کرکے ان کے زخموں پر مرہم رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
نجیب کی والدہ بلقیس بانو نے دہلی وقف بورڈ کی فراخ دلی پر چیئرمین امانت اللہ خان کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ وہ اپنے بیٹے کے مقدمہ کی پیروی میں تقریبا 15لاکھ روپیہ خرچ کر چکی ہیں اور ان کے پاس اب کچھ بھی نہیں ہے، ایسے موقع پر دہلی وقف بورڈ نے نہ صرف ان کی مدد کی ہے بلکہ ان کے بیٹے کو نوکری بھی دی ہے جس کے لئے چیئرمین امانت اللہ صاحبکا جنتنا شکریہ ادا کیا جائے کم ہے۔