بسواکلیان میں جماعت اسلامی کا تفہیمی اجلاس
بسواکلیان: جماعت اسلامی ہند نے میقات 2019تا 2023 کیلئے مرکزی و ریاستی سطح پر منصوبہ تیار کرلیا ہے۔اس میں بتایا گیا ہے کہ موجودہ حالات میں برادران وطن میں اسلام اور مسلمانوں کے تعلق سے غلط فہمیوں کا ازالہ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔برادران وطن کو اپنے قول و عمل سے بتانا ہوگا کہ اسلام خیراخواہی کا ضامن ہے،رسول اللہ ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیراہونے میں ہی ملک کی خیر خواہی ہے۔ اللہ سے اپنے رشتے کو مضبوط کرنے اور آخرت کی فکر کرنے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار حافظ اسلم جناب سیکریٹری حلقہ جماعت اسلامی ہند کرناٹک بسواکلیان میں منعقدہ مقامی جماعت کے چار سالہ منصوبہ کے تفہیمی اجلاس سے کررہے تھے۔
قبل ازیں تفہیمی اجلاس کا آغاز منہاج الدین بھولے کے درس قرآن سے ہوا۔ معاون امیر مقامی محمد نعیم الدین صاحب نے افتتاحی کلمات پیش کئے۔محمد یوسف الدین نیلنگے نے ہندوستانی سماج اور ملت کا تعلیمی لائحہ عمل کیا ہونا چاہیئے تفصیل سے بتایا۔اسی طرح الطاف امجد نے دعوت اور قیام عدل کی پالیسی کی تفہیم کی۔
ذوالفقار احمد صاحب سیکریٹری برائے رابطہ عامہ نے شعبہ خدمت خلق کے تحت انجام پانے والے کاموں کی تفصیل بیان کی۔حافظ اظہار الحق صاحب نے شعبہ اسلامی معاشرہ کی تفصیلات بیان کیں۔شعبہ ایس آئی اور جی آئی او کے نمائندوں نے منصوبہ بیان کیا۔
جناب ذاکر حسین صاحب ناظم علاقہ نے زاد راہ پیش کی۔محمد اکرم علی صاحب ناظم ضلع کے علاوہ دیگر معززین شہر اس اجلاس میں موجود رہے۔محمد نعیم الدین صاحب نے اظہار تشکر پیش کیا۔