ایس آئی او میراروڈ کے نوجوان اولڈ ایج ہوم پہنچے، ملاقات میں پیش کی اسلام کی دعوت
ممبئی: 23/ستمبر۔ (پریس ریلیز) صدیقی محمد اویس ممبرایس آئی او، میرا روڈ، ممبئی کی اطلاع کےمطابق اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا (ایس آئی او) میراروڈ کی جانب سے “اولڈ ایج ہوم” میں رہائش پذیر بزرگ و ضعیف حضرات سے ملاقات کی گئی۔ وفد کی شکل میں پہنچے ایس آئی او کے وابستگان نے اولڈ ایج ہوم کے ذمہ داران سمیت تمام لوگوں میں ناشتہ تقسیم کیا۔
بعد اذاں برادر مبشر فاروقی نے وہاں موجود تمام لوگوں سے “ایک خدا ایک انسانی خاندان” اس موضوع کے تحت خطاب فرماتے ہوئے توحید کا پیغام پہنچایا۔ وہاں موجود تمام لوگوں نے بے حد دلچسپی سے باتوں کو سنا اور خوب سراہا۔ یہ ملاقات ایک دعوتی ملاقات تھی۔
یاد رہے ایس آئی او مہاراشٹر ساؤتھ زون کی مہم “ایک خدا ایک انسانی خاندان” کے کے تحت مختلف پروگرامز اور سرگرمیوں کو انجام دیا جا رہا ہے جس کی ایک کڑی کے طور پر یہ خاص پروگرام انجام دیا گیا۔
اس موقع پر برادر رافد شہاب(صدر،ایس آئی او میراروڈ)، برادر مصعب شیخ ( سیکریٹری ایس آئی او میراروڈ)، برادر مبشر فاروقی(رکن ریاستی مجلس شوری،ایس آئی او مہاراشٹر ساؤتھ زون) اور دیگر ذمہ داران و کارکنان موجود تھے۔