مہاراشٹراورہریانہ میں 21/اکتوبرکوہوگا ریاستی اسمبلی الیکشن، نتائج 24/اکتوبرکو
انتخابی کمیشن نے مہاراشٹر اور ہریانہ میں اسمبلی انتخابات کی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑا نے پریس سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ دونوں ہی ریاستوں میں ایک ہی مرحلہ میں 21 اکتوبر کو پولنگ ہوگی۔ دونوں ہی ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی 24 اکتوبر کو ہوگی اور شام تک نتائج برآمد ہوں گے۔
مختلف ریاستوں کی 64 اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخاب 21 اکتوبر کو
انتخابی کمیشن نے کئی ریاستوں میں خالی اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخاب کی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے۔ اروناچل پردیش، بہار، چھتیس گڑھ، آسام، گجرات، ہماچل پردیش، کرناٹک، کیرالہ، مدھیہ پردیش، میگھالیہ، اڈیشہ، پڈوچیری، پنجاب، راجستھان، سکم، تمل ناڈو، تلنگانہ اور اتر پردیش کی 64 اسمبلی سیٹوں پر 21 اکتوبر کو ضمنی انتخاب ہوں گے اور اس کے نتائج 24 اکتوبر کو آ جائیں گے۔
سنیل اروڑا نے انتخابی پروگرام کی جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ 27 ستمبر کو نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ 4 اکتوبر تک نامزدگی کا پرچہ داخل کیا جائے گا اور نام واپس لینے کی تاریخ 7 اکتوبر طے کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ الگ الگ ریاستوں کی 64 اسمبلی سیٹوں اور بہار کی سمستی پور لوک سبھا سیٹ پر ضمنی انتخاب بھی 21 اکتوبر کو ہوگا۔
چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ مہاراشٹر میں 8.9 کروڑ ووٹرس ہیں، جب کہ ہریانہ میں 1.82 کروڑ ووٹرس ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ ہریانہ میں 1.03 لاکھ بیلٹ یونٹ ہیں اور مہاراشٹر میں 1.8 لاکھ بیلٹ یونٹ، 1.28 لاکھ سی یو اور 1.39 لاکھ وی وی پیٹ مشینیں ہیں۔
سنیل اروڑا نے بتایا کہ امیدوار کے لیے انتخاب میں خرچ کی زیادہ سے زیادہ حد 28 لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ یہ قانون دونوں ہی ریاستوں میں نافذ ہوگا۔ ای وی ایم کی سیکورٹی کو لے کر چیف الیکشن کمشنر نے بھروسہ دلایا ہے اور کہا ہے کہ اس میں کسی طرح کی چھیڑ چھاڑ نہیں ہوگی۔ انھوں نے ای وی ایم کو پوری طرح سے محفوظ قرار دیا۔ سنیل اروڑا کا کہنا ہے کہ ای وی ایم اور وی وی پیٹ مشینوں کو ڈبل لاک میں رکھا جائے گا۔ کوئی بھی امیدوار اور ان کے ساتھی ایک مقرر کردہ دوری سے اسٹرانگ روم کی سیکورٹی پر نظر رکھ سکتے ہیں۔