مودی سے پہلے عمران خان سے کیوں ملنا چاہتے ہیں ٹرمپ؟
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ رسمی ملاقات سے پہلے پاکستانی وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کریں گے اور پیر کے روز ڈونالڈ ٹرمپ اور عمران خان کے بیچ ملاقات ہوگی۔ اس کے بعد ٹرمپ اور مودی کی ملاقات اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس کے وقت ہوگی۔ واضح رہے اس کے بعد ٹرمپ اور مودی ہیوسٹن میں ’ہوڈی مودی‘ تقریب میں حصہ لیں گے، ایسا پہلی مرتبہ ہوگا کہ امریکی صدر ہندوستانی وزیر اعظم کے ساتھ کسی اجلاس سے خطاب کریں گے۔
ٹرمپ اور عمران خان کی ملاقات پر پاکستان کے روزنامہ ’ڈان‘ نے ذرائع کے حوالہ سے خبر شائع کی ہے کہ اقوام متحدہ کے اجلاس کے دوران دونوں رہنماؤں کی دو ملاقاتیں ہوں گی، جن میں سے پیر کے روز ہونی والی ملاقات پہلی ہوگی۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر اعظم عمران خان دونوں ہی اقوام متحدہ کے اجلاس سے 27 ستمبر کو خطاب کریں گے۔
عمران خان اس ضد پر اڑے ہوئے ہیں کہ وہ اقوام متحدہ کے اجلاس میں کشمیر کا مدا اٹھائیں گے۔ ذرائع کے مطابق اس کے برعکس ہندوستان کی جانب سے وزیر اعظم نریندر مودی اپنے خطاب میں دہشت گردی کے مدے کو اٹھائیں گے اور دنیا کے دیگر ممالک سے درخواست کریں گے کہ سبھی کو اس مدے پر متحد ہو کر دہشت گردی کے خلاف لڑائی لڑنی چاہیے۔
سیاسی گلیاروں میں اس بات پر بحث ہو رہی ہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرنے سے پہلے کیا عمراں خان سے خطہ کی صورتحال کی وجہ سے ملاقات کریں گے۔ کیا کشمیر پر ٹرمپ کے ذہن میں کوئی تصویر ہے جس پر وہ عمران خان سے بات کر کے نریندر مودی سے تبادلہ خیال کریں گے یا وہ اقوام متحدہ کے اجلاس سے قبل دونوں میں کوئی مصالحت کرانا چاہتے ہیں۔