ویلفئیرپارٹی نے کی ایشورپا کے بیان کی شدید مذمت
بیدر: 17/ستمبر (وائی آر) ویلفئیرپارٹی آف انڈیا، ریاست کرناٹک کے صدر طاہر حسین ایڈوکیٹ نے ریاست کرناٹک کے وزیر کے ایس ایشورپا کے اس بیان کی شدید مذمت کی ہے ‘جس میں انھوں نے بی جے پی کو ووٹ نہ دینے والوں کو پاکستان کے حامی کہا’ہے۔
ایڈوکیٹ طاہر حسین نے کہاکہ ایشور پا کا یہ بیان غیرذمہ دارانہ اور غیردستوری ہے۔ شہریوں کے درمیان کوئی تفریق نہ کرنے کی خدا کے نام پر حلف لے کر اس طرح کابیان دینا دستور کی بے حرمتی کے مترادف ہے۔ اُدھر جنوبی کرناٹک کے سیلاب متاثرین ابھی تک حکومت کی امداد کے منتظر ہیں۔ اور بی جے پی کو ووٹ دینے پر پچھتاوے کا اظہار کررہے ہیں۔
ایسے میں ان کی مشکلات کو دورکرنے کے بجائے آرام دہ کمروں میں بیٹھ کر ایسے بیہودہ بیان دینا غیر ذمہ داری کا ثبوت ہے۔ انھوں نے مطالبہ کیاکہ ایشور پا اپنے اس بیان پر برسرعام معافی مانگیں۔