ضلع بیدر سے

ایک سال کے دوران 100 دیہاتوں کی مختلف خبروں کو اردو اخبارات میں جگہ دینے کاکام ترجیحی بنیادوں پر کیاجائے گا: صحافیوں کی تنظیم نے کیا فیصلہ

  • ایک سال کے دوران 100دیہات کی خبروں کی کوریج ہوگی
  • اکریڈیشن کارڈ کے لئے مکتوب، اوروزیراقلیتی بہبود کی نامزدگی کامطالبہ
  • کرناٹک اسٹیٹ اردوورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن بیدر کا 13واں اجلاس

بیدر: 17/ستمبر (وائی آر) علاقہ حیدرآباد کرناٹک میں تلنگانہ سے آنے والے اردو اخبارات کے موجودہ صحافیوں کی خدمات کا دائرہ 15-20سال پر محیط ہے لیکن اس کے باوجود انہیں اکریڈیشن کارڈ نہیں دیاجاتا۔ جس کے پیش نظر پریس کونسل آف انڈیا کو ایک مکتوب روانہ کرنے کافیصلہ کرناٹک اسٹیٹ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن بیدر کے عہدیداران اور اراکین نے فیڈریشن کے 13ویں اجلاس میں کیا۔

جناب سید یداللہ حسینی صدر KSUWJF ضلع بیدرکی زیرصدارت آج ایک اجلاس مسیح الدین احمد قریشیہ الماس میموریل ہال تعلیم صدیق شاہ بیدر میں منعقدہوا۔ جس میں محمدیوسف رحیم بیدری جنرل سکریڑی، محمد عبدالصمد منجووالا خازن، مولانا مفتی افسرعلی نعیمی ندوی، محمد نجیب الدین، اور عرفان پٹھان شریک رہے۔

اجلاس میں متفقہ طورپر طئے کیاگیاکہ آئندہ ایک سال کے دوران ضلع بیدر کے100دیہاتوں کی مختلف قسم کی خبروں کو اردو اخبارات میں جگہ دینے کاکام ترجیحی بنیادوں پر کیاجائے گا تاکہ دیہی ہندوستان کی خاطر خواہ نمائندگی اردو اخبارات میں ہوسکے۔

عموماً دیکھنے کو مل رہاہے کہ اردو اخبارات شہری بنیاد بنتے جارہے ہیں۔ جیسے جیسے دیہاتوں کی خبروں میں اضافہ ہوگاویسے ہی وہاں ملی، تعلیمی، سیاسی اور مذہبی قیادت بھی پروان چڑھے گی۔ اس ضمن میں نرنہ اور ہلی کھیڑ(بی) سے خبروں کی کامیاب ترسیل کے لئے دوافرادکو ذمہ داری دی گئی۔

اجلاس نے محسوس کیاکہ حکومتیں اردو کو اس کا حق نہیں دے رہی ہیں۔ جبکہ اردو زبان کو اس کا اپنا حق ملنا چاہیے۔ اردو ہندوستانی زبان ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ اہم دفاتر میں عوام سے اردو میں درخواستیں قبول کرے۔ اسی طرح محکمہ اطلاعات اور تعلقات عامہ میں اردو مترجم کی سخت ضرورت ہے۔ اسلئے وہاں اردو مترجم کافوری تقرر عمل میں آئے۔اوریہ اردو والوں کادیرینہ مطالبہ ہے۔ جب سبھی طبقات کے کام ہورہے ہیں تو پھر اردو کے ترقیاتی کام میں تاخیر کیامعنی رکھتی ہے۔

کرناٹک اسٹیٹ اردوورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن بیدر کے آج کے اجلاس میں ریاست کی بی جے پی حکومت کے وزیراعلیٰ بی ایس یڈیورپا سے مطالبہ کیاگیاکہ کسی مناسب شخص کو وزیراقلیتی بہبودنامزد کیاجائے اور اسی طرح کرناٹک اردو اکادمی کاچیرمین اور اس کے اراکین نامزد کرتے ہوئے ان اداروں کو جمہوری طورپر بحال کرے۔

دیگر امور میں خازن جناب عبدالصمد منجووالا نے عہدیداران اور اراکین سے ماہانہ رقم جمع کرنے کی اپیل کی۔ ان سے سید یداللہ حسینی صدر فیڈریشن نے کہاکہ وہ 15دن میں ایک دفعہ تمام افرادکو رقم کی بابت یاد دلادیں۔اجلاس کاآغازنوجوان صحافی محمد نجیب الدین کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ مولوی مفتی افسرعلی ندوی کی دعاپر اجلاس اپنے اختتام کوپہنچا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!