ضلع بیدر سے

غیرجانبداری کے ساتھ طلبہ کی صلاحیتوں کو پروان چڑھایا جائے: عنایت الرحمن سندھے

بیدر: 12/ستمبر (وائی آر)پرتیبھا کارنجی کنڑا ترکیب ہے۔ پرتیبھا کامطلب یہ ہے کہ طلبہ اپنے اندر کی صلاحیتوں،قابلیتوں جو نصاب سے ہٹ کر دیگر امور جیسے اسپورٹس، ڈرائنگ، آواز وغیرہ ہیں کو بیدار کرتے ہوئے ان کامظاہرہ پیش کیاجائے۔ اور کارنجی فواروں کو کہتے ہیں۔ یعنی صلاحیتوں کے ابلتے ہوئے فوارے یہاں ملاحظہ کئے جاسکتے ہیں۔ یہ بات جناب عنایت الرحمن سندھے ضلع تعلیمی افسر (مڈڈے میل) نے کہی۔ وہ آج 12/ستمبر کو حاجی محمد سلطان میموریل اردو ہائی اسکول میں منعقدہ منیارتعلیم اردو کلسٹر کے پرتیبھاکارنجی سال 2019-20کے مقابلہ جاتی پروگرام کا پودے کو پانی دے کرافتتاح کرنے کے بعد خطاب کررہے تھے۔

انھوں نے تقریب کے ججس سے کہاکہ وہ اس تقریب کو کلسٹر سطح یا چھوٹے اسٹیج کی نظر سے نہ دیکھیں۔ یوں سوچیں کہ ریاستی سطح کااسٹیج اگر ہو تو طلبہ کیسے نظر آئیں گے۔ طلبہ کی حرکات وسکنات، ا ن کابے خوف مظاہرہ، شہ نشین سے پروگرام پیش کرتے ہوئے چھاجانے والاڈر وغیرہ اہم ہوتاہے۔ جانبداری کے بغیرطلبہ کی صلاحیتوں کے پیش نظر انہیں آگے بڑھایا جائے۔ سچی بات تو یہ ہے کہ طلبہ کی دینی اور دنیوی قابلیت کی نشاندہی اساتذہ ہی کرسکتے ہیں۔

اس پرتیبھا کارنجی کی صدارت جناب ظفرقادری صدر معلم حاجی محمد سلطان میموریل اردو ہائی اسکول بیدر نے کی۔ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے مسٹر وجے کمار بی آرسی بیدر، محمدفیاض سی آرپی چدری، محمد معظم مدرس اور دیگر شامل رہے۔ کلسٹر کے حدود میں آنے والے30 اسکول جن میں سرکاری، امدادی اور غیر امدادی اردو اور انگریزی اسکول شامل ہیں (جبکہ کنڑا کا کوئی اسکول نہیں ہے) کہ طلبہ نے حمد، نعت خوانی، قوالی، وطنی ترانے،اور دیگرمقابلوں میں حصہ لیا۔اور اپنے اندر موجود صلاحیتوں کاکھل کر مظاہر ہ کیا۔ عمرانہ بیگم سی آرپی منیارتعلیم نے استقبالیہ تقریر کی۔ پروگرام کی دیکھ بھال بڑی خوبی اور کافی محنت سے کی۔ طلبہ وطالبات میں ڈسپلن قائم رکھنے کی خوب کوشش کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!