آج یوم عاشورہ کو بیدر کے مختلف مقامات سے عَلَم کی برآمدگی
بیدر: 9/ستمبر (وائی آر) آج 10/ستمبر مطابق 10/محرم الحرام یوم عاشورہ پر بیدر شہر کے منیارتعلیم سے بی بی کے تاریخی عَلَم صبح 11بجے کے بعد برآمد ہوں گے۔ گاوان چوک، مین روڈ، مسجد قدم رسول، چیتہ خانہ، شاہ گنج دروازہ سے ہوتے ہوئے قبرستان سوارانِ مندوزی پہنچ کروہاں آسودہ ہوں گے۔
صوفیہ پورہ بیدر سے باغبان برادری کی جانب سے عَلَم بعدعصر برآمد ہوتے ہیں۔ مختلف تعلیموں کادورہ کرتے ہوئے واپس وہیں جاکر آسودہ ہوجاتے ہیں۔اس دوران براداری کی جانب سے سادگی کے ساتھ سینہ پیٹے بغیر مرثیہ پڑھتے ہوئے امام حسین ؓ کو خراج عقیدت پیش کیاجاتاہے۔
خانقاہ حضرت لعلن حسینی، خانقاہ حضرت سید ناابوالفیض رحمتہ اللہ علیہ چشتیہ پورہ، خانقاہ حضرت ابوالفیض نورخان تعلیم، میں بھی حسب روایت قدیم یکم محرم کو ایستادہ کئے جاتے ہیں اور وہیں احاطہ میں عاشورہ کے دن آسودہ کئے جاتے ہیں۔ عاشور خانہ پیراں جی، نزدمسجد عثمانیہ، مین روڈ بیدرکے عَلَم عاشورہ کے دن وہیں پر آسودہ (ٹھنڈے) کئے جاتے ہیں۔
میر مقصو دعلی شاہ جاگیردار المعروف بہ مہر علی شاہ چشتی کی قیامگاہ پر بھی علم مبارک ایستادہ کئے جاتے ہیں۔ عاشورہ کے دن مختلف مقامات پہنچ کر آسودہ ہوجاتے ہیں۔ عاشور خانہ تعلیم حضرت صدیق شاہ رحمتہ اللہ علیہ بیدر میں قدیم روایت کی طرح امسال بھی پانچ محرم کو عَلَم ایستادہ کئے گئے۔ کل 10/محرم کو وہیں آسودہ کئے جائیں گے۔
اسی طرح10/کی نصف شب کو درگاہ حضرت صدیق شاہ رحمتہ اللہ علیہ سے جلوس تعزیہ برآمد ہوں گے۔ بزقصابان برادری علی باغ بیدر کی جانب سے فاتحہ حضرت امام حسین ؓ اور طعام برائے خاص وعام کا اہتمام 10/محرم کی صبح کیاجاتاہے۔ یہاں کی چٹنی بے حد ذائقہ دار ہونے کے علاوہ تبرکاً لے جائی جاتی ہے۔
خانقاہ علوی پورہ، لعل دروازہ بیدر میں بعدنماز ظہر زیارت موئے مبارک بصدعقیدت واحترام کروائی جاتی ہے۔ امسال بھی اس کا اہتما م ہے۔ تکیہ قرار علی شاہ ؒ، چوبارہ روڈ، نزد باورچی گلی بیدر میں بھی علم ایستادہ کئے جاتے ہیں۔
عاشورہ کے دن نماز فجر سے قبل اور بعدشہر کے مضافات جیسے تاجلاپور، والدوڈی، سولپور اور مختلف تکیوں سے برآمد ہونے والے عَلَم شہر بیدر کی اہم شاہراہوں سے ہوتے ہوئے مختلف خانقاہوں، درگاہوں پر پہنچتے ہیں۔ مذکورہ اطلاعات کے لئے کئی ذرائع پر بھروسہ کیاگیاہے جن میں جناب محمد عبدالصمد منجووالا بھی شامل ہیں۔