خانقاہ حضرت خواجہ ابوالفیض رحمتہ اللہ علیہ میں نوحہ خوانی، مجلس اور ماتم کا انعقاد
بیدر: 3/ستمبر (وائی آر) اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے فرمایا ”حسین مجھ سے ہے اور میں حسین ؓ سے ہوں“ یہ ترمذی کی حدیث ہے۔ اور جو حسین سے محبت کرتاہے، اس سے خدا محبت کرتاہے۔ ذکرحسین ؓ میں زندگی بھی ہے، شفا بھی ہے اور عبادت بھی ہے۔ یہ باتیں لکھنؤ سے تشریف لائے مہمان حجتہ الاسلام سید طیبین رضوی نے مجلس سے کہیں۔
یہ مجلس خانقاہ حضرت خواجہ ابوالفیض رحمتہ اللہ علیہ، چشتیہ پورہ بیدر میں آج 3/ستمبر کو منعقد ہوئی۔ آغاز میں نوحہ خوانی کی گئی۔ اور مجلس کے اختتام کے فوری بعد ماتم منایاگیا۔حجتہ الاسلام نے اس آراستہ مجلس سے خطاب کرتے ہوئے قرآن وحدیث سے مثالیں پیش کیں اور مزید کہاکہ اس بات پر اعتراض کیاجاتاہے کہ ہرسال وہی مجلس، وہی مسائل،وہی فضائل کب تک۔ معترضین کو معلوم ہوناچاہیے کہ نظام کائنات میں تکرار ہے۔ اور تکرارنے زندگی کو قائم رکھاہے۔
موصوف نے امریکہ اور یہودیوں کے خلاف آواز اٹھاتے ہوئے کہاکہ امریکہ کروڑوں ڈالر خرچ کرتاہے تاکہ اسلام کو ختم کرسکے۔ اس کو پتہ نہیں کہ دینِ اسلام اللہ کا ہے۔ اور اللہ نے کہہ دیا ہے کہ اسلام تمام ادیان پر غالب آکر رہے گا بھلے مشرکوں کویہ بات جتنی چاہے بری لگے۔
مجلس کے دوران نعرہٴ حیدری، اور دیگر نعرے لگائے جاتے رہے۔سید شاہ نقی حسینی سجادہ نشین اور متولی خانقاہ حضرت خواجہ ابوالفیض ؒ بیدر،سیدشاہ راجو محمد محمدالحسینی، سید شاہ اکبرحسینی ایڈوکیٹ، سید شاہ اعجاز محمد محمد الحسینی اور دیگر معززین شہر موجودتھے۔ اس موقع پر نوجوانوں کی کثیرتعداد نے ماتم کیا جن میں بچے بھی شامل تھے۔