گرونانک کے 550ویں یوم پیدائش پر ماحولیات ریالی، سینئر سیول جج کاخصوصی خطاب
بیدر: یکم ستمبر (وائی آر) گرونانک دیوجی کے 550یوم پیدائش کے حوالے سے گرونانک ادارہ جات کے تحت ہفتہ کے دن ”شادابی کی جانب“ پروگرام کاانعقاد عمل میں آیا۔نہرواسٹیڈیم کے قریب واقع گرونانک پبلک اسکول سے چک پیٹ راستہ تک اسکول طالبات کی ریلی نکالی گئی۔
ذرائع کے بموجب ملک گیر سطح پر گرونانک جی کا550واں یوم پیدائش نہایت ہی احترام اور عقیدت سے منایاجاتاہے۔ اسی کے پیش نظرشہر کے گرونانک اسکول کے طلبہ نے پیڑ لگائیں اور زمین کو بچائیں جیسے عناوین سے ریلی میں موبائل (چلتاپھرتا) علامتی ڈرامہ پیش کیا۔ طلبہ نے اپنے آپ کو زمین اور پیڑ کی شکل میں پیش کیا۔ اور ایک ہزار سے زائد طلبہ اور اساتذہ نے ریلی میں شرکت کی۔
ریلی کوگرونانک انتظامیہ کی نائب صدر ریشماں کور نے ہری جھنڈی دکھائی۔ اور اپنے خطاب میں کہاکہ اس طرح آپ طلبہ کا عوام میں بیداری لانے سے ”سبز انقلاب“ ممکن ہے۔ آپ کی خدمات اور کام کو یادرکھاجائے گااور ہم تمام سرسبزوشادابی کے لئے مل جل کر کام کریں گے۔ یہ ریلی گرونانک اسکول سے نکل کر روٹری کلب، گدگے اسپتال، موہن مارکیٹ، امبیڈکرسرکل سے ہوتی جنواڑہ روڈ سے گزرتے ہوئے چک پیٹ کے قریب پہنچی۔
جہاں ایک عظیم الشان جلسہ رکھاگیاتھا۔ اس جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سینئر سیول جج شری سدرام ٹی پی نے کہاکہ عصری مشینی زندگی کے سبب وہیکلس کے آنے جانے سے ماحولیات آلودہ ہورہی ہے۔ انسان اپنی غرض کے لئے پیڑپودوں کو ختم کرنے میں لگا ہواہے۔آنے والی نسل پاک وصاف ماحول میں زندگی گزارے۔ اس کے لئے عمومی طورپر ماحولیات بیداری پیدا کرنا، پیڑ لگانا، پاک وصاف پانی کی فراہمی کو یقین بنانا ہوگا۔
اس موقع پر طلبہ نے اپنی صلاحیتوں کامظاہرہ کیا۔ تقریب میں نانک جھرا صاحب فاؤنڈیشن کے صدر ڈاکٹر سردار بلبیر سنگھ، گرونانک انجینئرنگ کالج انتظامیہ کے ڈائرکٹر، ادارہ کی نائب صدر ریشماں کور اور اسکولوں کے پرنسپلس اور اسٹاف موجودتھے۔ اس بات کی اطلاع محترمہ پونا پریہ پرنسپل گرونانک پبلک اسکول بیدر نے دی ہے۔