علاقہ کلیان کرناٹککرناٹک کے اضلاع سے

کرناٹک اسٹیٹ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن(KSUWJF) کے10ویں اجلاس کابیدر میں انعقاد

بیدر: 29/اگست (وائی آر)کرناٹک اسٹیٹ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن بیدر کا 10واں اجلاس جناب سید یداللہ حسینی صدر KSUWJFبیدر کی زیرصدارت آج 29/اگست کو مسیح الدین احمد قریشیہ الماس میموریل ہال، تعلیم صدیق شاہ بیدر میں منعقد ہوا۔ جس میں ایجنڈا کے نکات پر گفتگو کرتے ہوئے شرکائے اجلاس کااحساس تھاکہ محرم الحرام اور گنیش دونوں تقاریب مل جل کر آنے کے سبب ہندومسلم کشیدگی کو ہوا دینے کی کوشش اشرار کرسکتے ہیں اور سوشیل میڈیا ایک ایسا ہتھیار ہے جو کسی بھی وقت غلط اطلاعات کی بنیاد پر امن وامان کو درہم برہم کرنے کی قوت اور طاقت رکھتاہے۔

لہٰذا نوجوانوں سے اپیل ہے کہ کسی بھی قسم کاویڈیو کلپ آگے بڑھانے سے پہلے اس کے سچے اور متعلقہ مقام سے ہونے سے متعلق جانکاری حاصل کرکے ہی آگے بڑھائیں ورنہ نتائج کے ذمہ دارخود ہوں گے۔ابھی گنیش تہوار نہیں آیا لیکن اس سے قبل ہی پرانی ویڈیوکلپیں بڑے پیمانے پر ایک دوسرے کو فارورڈ کی جارہی ہیں۔ اس عمل سے بچیں۔جنتا ہوسکے سوشیل میڈیا سے دور رہیں۔ اس کے لئے نوجوانوں کے سرپرست بھی آگے آناچاہیے تاکہ سوشیل میڈیا تخریب کاری کا حصہ نہ بن سکے۔

کرناٹک اسٹیٹ اردوورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن کے اس دسویں اجلاس میں سیدیداللہ حسینی صدر، محمدیوسف رحیم بیدری سکریڑی، کے علاوہ اراکین میں محمد نجیب الدین، محمد سلطان(فوٹو گرافر) اور محمدعرفان پٹھان شریک رہے۔ متعلقہ افراد نے دوسرے نکتہ کی طر ف آتے ہوئے کہاکہ پبلک گارڈن، برید شاہی گولڈن جوبلی پارک اور قدیم سرکاری اسپتال کے سائن بورڈ پر اردو زبان میں بھی متعلقہ ادارہ کانام تحریر ہونا چاہیے۔

سید یداللہ حسینی صدر KSUWJFنے آگے بڑھ کر یہ مطالبہ بھی کردیا کہ قدیم شہر کے تمام دواخانوں کے وارڈس، انجکشن اور دوائیوں کے شعبہ جات پر بھی اردوزبان میں تختیاں لگائی جانی چاہیے۔ محمدیوسف رحیم بیدری کا کہناتھاکہ یونانی طریقہ علاج کو اردواور مسلمانوں سے متعلق سمجھاجانے کے باوجود بیدر میں ضلع پنچایت دفتر سے متصل یونانی دواخانہ کاسائن بورڈ اردو زبان میں تحریر نہیں کیاگیاجو سراسر اردو زبان اور یونانی طریقہٴ علاج سے ناانصافی کے متراد ف ہے۔ وہیں محکمہ آیوش نے اپنے محکمہ کا نام اردو زبان میں تحریر کیاہے۔ امید ہے ارباب مجاز اس طرف بھی توجہ دیں گے۔

ایجنڈے کے تیسر ے نکتہ پر زوردیتے ہوئے سیدیداللہ حسینی صدر نے کہاکہ عنقریب نونامزد وزیر پربھوچوہان سے مل کر صحافیوں کے مسائل کے حل کے لئے نمائندگی کی جائے گی۔ اسی طرح اجلاس نے ملک کے مختلف حصوں میں صحافیوں پر ہونے والے حملوں کی سختی کے ساتھ مذمت کی۔ اور کہاکہ صحافی ملک و معاشرے کانباض ہوتاہے۔ اس طرح کا سلوک ایک مہذب معاشرے کا حصہ نہیں ہوناچاہیے۔

پروگرام کاآغاز نوجوان صحافی اور نیوزپورٹل”آواز نیوز“ کے ایڈیٹر محمد نجیب الدین کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ محمدیوسف رحیم بیدری سکریڑی نے نظامت کی اور دعا فرمائی۔ ہندی صحافی ڈاکٹر مجاہد مسعود نے خصوصی مہمان کی حیثیت سے شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!