ریاستوں سےکرناٹک

کرناٹک میںSSLC امتحانی پرچے کا فارمیٹ تبدیل، طلباء کومزید محنت کرنی پڑے گی

بنگلورو: 26/اگست- کرناٹکا سیکنڈری ایجوکیشن ایکزامنیشن بورڈ (کے ایس ای ای بی) کی طرف سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق امسال سے ایس ایس ایل سی امتحانی پرچے کا فارمیٹ تبدیل کیا جارہا ہے۔جس کا مطلب یہ ہے کہ  امسال جو طلبہ امتحان میں شریک ہونے والے ہیں انہیں کامیاب ہونے کے لئے پڑھائی اور لکھائی دونوں پہلوؤں سے مزید محنت کرنی پڑے گی، کیونکہ نئے پرچے میں مختصر جوابات والے اور نشان لگانے والے سوالات کم ہونگے۔اس کی جگہ پر معقولیت اور تفصیلات کے ساتھ جوابات والے سوالوں کی مقدار زیادہ ہوگی۔

بورڈ کی طرف سے پرچے کا جو نیا بلیو پرنٹ بنایا گیا ہے اس میں اس بات کو اہمیت دی گئی ہے کہ طلبہ سوالات کا تجزیہ کرکے ان کے درست جواب تفصیل کے ساتھ لکھنے میں اپنی صلاحیت بڑھا سکیں۔2019-20کے تعلیمی سال میں ہی لاگو ہونے والے اس نئے فارمیٹ میں ایک سے زائد جوابات میں سے کسی ایک جواب پر نشان لگانے والے سوالات(ملٹی پل چوائس) کی مقدار کم کردی گئی ہے۔اس کے ساتھ ہی اساتذہ کے لئے نصاب میں موجود تمام اسباق پڑھانے اور طلبہ کو منطقی سوچ کے ساتھ سبق سے متعلقہ جواب تفصیل سے لکھنے کی مشق کرانالازمی قراردیا گیا ہے۔

کے ایس ای ای بی کی ڈائریکٹر وی سومنگلا کے بیان کے مطابق پرچے کو نئے فارمیٹ میں بدلنے کا فیصلہ اس لئے کیا گیا ہے کیونکہ حالیہ دنوں میں  ایس ایس ایل سی امتحان میں چھوٹے اور نشان لگانے والے جوابات کی مقدار زیادہ ہونے کی وجہ سے طلبہ آسانی کے ساتھ بورڈ کا امتحان پاس تو کرلیتے ہیں، لیکن بچوں کے اندر تفصیل سے کسی بات کو لکھنے اور اپنے خیالات کا اظہار کرنے کی صلاحیت میں بے حد کمی ہونے کی شکایتیں ہر طرف سے مل رہی تھیں۔

اس کے علاوہ ایسے طلبہ کے لئے پی یو سی اور ڈگری کی سطح پرتفصیلی جوابات لکھنے میں بے حد مشکلات کا سامنا کرنا پڑتاتھا۔بورڈ کے ذمہ داران کا کہنا ہے کہ اس نئے نظام کی وجہ سے اساتذہ بچوں کو نئے انداز اور نئی ٹیکنالوجی کے ساتھ اسباق پڑھانے کی طرف توجہ دیں گے اور طلبہ کی قابلیت بڑھانے کا سبب بنیں گے۔دوسری طرف طلبہ بھی اپنی اگلی تعلیمی زندگی میں پیش آنے والی عملی دشواریوں کا مقابلہ کرسکیں گے۔

 پہلے پورا پرچہ جو 40سوالات پر مبنی ہوتا تھا اب اسے گھٹا کر 38سوالات والا کردیاگیا ہے۔اس میں 2مارکس والے سوالات کی سابقہ تعداد 16کو گھٹا کر 8کیا گیا ہے۔3مارکس والے سوالات کی سابقہ تعداد6کو بڑھا کر 9کرنے کے علاوہ بہت ہی تفصیل سے جواب طلب کرنے والا 5مارکس کا ایک سوال نئے پرچے میں شامل کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ برسوں پہلے ایس ایس ایل سی کے پرچے میں 5مارکس کے سوالات ہوا کرتے تھے، لیکن پچھلے کچھ سال قبل جب سوالاتی پرچے کا نیا فارمیٹ بنایا گیا تھا تو مختصر جوابات اور ملٹی پل چوائس والے سوالات بڑھادئے گئے تھے اور پانچ مارکس والے سوالات ختم کردئے گئے تھے۔ امسال پانچ مارکس والا صرف ایک سوال پرچے میں شامل کیا گیا ہے۔ (بشکریہ: ایس او)

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!