بلدیہ بیدر: 5ماہ سے پانی ضائع ہورہاہے، کوئی آفیسر توجہ نہیں دیتا۔ عوام کی شکایت
بیدر: 26/اگست (وائی آر) تاریخی چوبارہ سے منگل پیٹھ جانے کے راستے کی طرف پانی کابڑا ساپائپ زمین کے اوپر نظر آتاہے۔ جس کارخ منگل پیٹھ کی طرف ہے لیکن یہاں ایک سہ رخی بڑی سی نالی ہونے کے سبب پائپ کو نالی کے اوپر سے لیاگیاہے۔پانی کے بڑے سے لوہے کے اسی پائپ میں کئی ایک سوراخ ہوجانے سے پینے کاپانی بہتا رہتاہے۔
چوبارہ کے پاس رہنے والے ایک رہائشی نے کہاکہ ”گذشتہ 5مہینوں سے اس پائپ لائن کی یہی حالت ہے۔ جب بھی پانی سربراہ کیاجاتاہے، پانی بہنے لگتاہے“ ایک ادھیڑ عمر رہائشی نے کہاکہ ”اس پائپ کو کوئی سدھارتانہیں ہے، کونسلر اوربلدیہ کے آفیسرس آآکر دیکھ کر جاتے ہیں لیکن اس کو ٹھیک نہیں کرتے“
ایک ایسے وقت جبکہ بیدر قحط سالی سے جوجھ رہاہے، بڑی پائپ لائن کے ذریعہ پانی کاضائع ہونا اور اس پر بلدیہ کی خاموشی صرف اس بات کی نشانی ہے کہ بلدیہ کو پینے کے پانی کے ضائع ہونے سے روکنے کی طرف توجہ دینے کی فرصت نہیں ہے۔
یہ بے توجہی اپنے فرائض سے غفلت اور قانون کی عین خلاف ورزی ہے، کیا ان خاطی افسران کے خلاف کارروائی ممکن ہے؟ عوام دریافت کررہی ہے۔ اور کہہ رہی ہے کہ کیا قوانین صرف عوام کے لئے ہیں یاافسران بھی قانون کے دائرے میں آتے ہیں اوران کو سزا ملتی ہے؟اس کاجواب تو بلدیہ کے ارباب مجاز ہی دے سکیں گے۔