70 سال کی بدترین حالت میں ہندوستانی معیشت، ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا: نیتی آیوگ
نیتی آیوگ کے وائس چیئرمین راجیو کمار نے کہا ’’گزشتہ 70 سالوں میں کسی نے ایسی حالت نہیں دیکھی جہاں پورا معاشی سیکٹر اتھل پتھل کے دور سے گزر رہا ہے اور نجی سیکٹر میں کوئی بھی دوسرے پر بھروسہ نہیں کر رہا ہے۔ کوئی بھی کسی کو قرض دینے کو تیار نہیں ہے، سب نقد داب کر بیٹھے ہیں۔‘‘
انھوں نے دہلی میں ایک تقریب کے دوران کہا کہ اس مشکل حالات کو ختم کرنے کے لیے سخت قدم اٹھائے جانے کی ضرورت ہے۔ راجیو کمار نے کہا کہ نجی سیکٹر کے اندیشوں کو دور کرنے کے لیے حکومت کو ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے۔
راجیو کمار نے اپنی تقریر کے دوران یہ بھی کہا کہ ’’نوٹ بندی، جی ایس ٹی اور آئی بی سی (دیوالیہ قانون) کے بعد ہر چیز بدل گئی ہے۔ پہلے 35 فیصد نقدی دستیاب ہوتی تھی، وہ اب کافی کم ہو گئی ہے۔ ان سبھی اسباب سے حالات کافی پیچیدہ ہو گئے ہیں۔‘‘