پاکستانی فوجیوں کی فائرنگ میں ہندستانی فوج کا جوان شہید
جموں: پاکستان نے جنگ بندی کی پھر سے خلاف ورزی کرتے ہوئے منگل کو پونچھ ضلع کے کرشنا گلی سیکٹر اور مینڈھر سیکٹر میں کنٹرول لائن پر بلااشتعال فائرنگ کی۔ فائرنگ میں ہندستانی فوج کا ایک جوان شہید ہوگیا جبکہ ہندستانی فوجیوں نے پاکستانی چوکیوں کو کافی نقصان پہنچایا۔
دفاع کے ترجمان نے بتایا کہ فوجیوں نے دوپہر تقریباََ گیارہ بجے کنٹرول لائن پر چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کی اور مورٹار برسائے۔ جوابی کارروائی میں ہندستانی فوجیوں نے بھی فائرنگ کی۔ مینڈھر سیکٹر میں دونوں طرف سے فائرنگ میں ہندستانی فوج کا ایک جوان شہید ہوگیا۔ شہید جوان کی شناخت بہار میں روتاسا ضلع کے گوپے ودیا گاوں کے باشندہ 36 سالہ نائک روی رنجن کمار سنگھ کے طورپر کی گئی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ ہندستانی فوج نے پاکستانیوں فوجیوں کی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا اور وہاں کی فوج کی چوکیوں کو بڑے پیمانہ پر نقصان پہنچایا۔ ہندستانی فوجیوں کی جوابی کارروائی میں کچھ پاکستانی فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں۔ اس سے پہلے 17اگست کو پاکستانی فوجیوں نے ضلع راجوری کے نوشیرہ سیکٹر میں کنٹرول لائن پر فائرنگ کی تھی۔ فائرنگ میں ہندستانی فوج کا ایک جوان شہید ہوگیا تھا۔