خشک سالی، طوفان وسیلاب سے متاثر تین ریاستوں کو 4432 کروڑ روپے کی مدد منظورکی
نئی دہلی: 20اگست- مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ایک اعلی سطحی میٹنگ میں خشک سالی،تودے گرنے ،اولے گرنے اور گردابی طوفان سے متاثر تین ریاستوں کو 4432کروڑ روپے کی مدد منظور کی ہے۔
کمیٹی نے یہ رقم نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کے فنڈ سے جاری کی ہے۔
اس میں سے 3338.22کروڑ روپے گردابی طوفان فانی سے متاثراڈیشہ،خشک سالی سے متاثر کرناٹک کےلئے 1029.39کروڑ اور اولے اور برفباری سے متاثرہماچل پردیش کےلئے 64.49کروڑ روپے جاری کئے جائیں گے۔
میٹنگ میں مسٹر شاہ کے علاوہ وزیر خزانہ نرملا سیتارمن ،وزیر زراعت نریندرسنگھ تومر نے حصہ لیا۔اس کےعلاوہ داخلہ،خزانہ اور زراعت کی وزارتوں کے ساتھ ساتھ نیتی آیوگ کے سینئر افسران بھی میٹنگ میں موجود تھے۔
یہ رقم نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس کے فنڈ سے پہلے ہی جاری کی جاچکی رقم کے علاوہ ہے۔
قدرتی آفات کے بعد ریاستوں کی اپیل پر بھیجی جانے والی بین وزارتی ٹیموں سے جڑے معاملوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ میں یہ بھی فیصلہ کیاگیا کہ اب شدید قدرتی آفات کے بعد مرکزی ٹیم کی فوراً تشکیل کی جائےگی،جو متاثرہ ریاستوں کی حالت جائزہ لے گی اور اپنی رپورٹ پیش کرےگی۔
اس فیصلہ کے پیش نظر سیلاب متاثرہ ریاستوں آسام،میگھالیہ ،بہار،اتراکھنڈ،ہماچل پردیش،گجرات، راجستھان،مہاراشٹر،کرناٹک،کیرالہ اور تریپورہ کےلئےمرکزی ٹیمیں تشکیل کی جائیں گی۔
میٹنگ میں سیلاب متاثرہ ان ریاستوں کی حالت کا جائزہ لیاگیا اور مختلف ایجنسیوں کو لوگوں کی ہر ممکن مدد کرنے کی ہدایت دی گئی۔