جموں و کشمیر سے دفعہ 370 کو ختم کرنے پر پنجاب یونیورسٹی میں 19 اگست کو اوپن ڈیبیٹ
چندی گڑھ : جموں و کشمیر سے دفعہ 370 ہٹانے کے سلسلے میں پنجاب یونیورسٹی میں پنجاب اسٹوڈنٹس یونین (للکار) کے زیر اہتمام کھلی بحث کا پروگرام 19 اگست کو ہوگا۔
یونین کے ذریعہ جاری ایک بیان کے مطابق، یہ پروگرام کل (13 اگست) ہونا تھا لیکن پولس اس پروگرام کو ’’ملک کے خلاف اور مذہبی جذبات بھڑکانے والا“ قرار دیتے ہوئے منسوخ کرنے کی دھمکی دے رہی تھی۔
طلباء نے احتجاج کیا کہ اس معاملے میں پولس کا کوئی کام نہیں ہے اور وہ پنجاب یونیورسٹی کے طالب علم ہیں اور یونیورسٹی کو کوئی اعتراض نہیں ہے۔ بعدازاں ایک پروفیسر نے بھی یونین کے ساتھ ایک میٹنگ میں کہا کہ مسئلہ کشمیر پر کیمپس میں کوئی پروگرام منعقد نہیں کیا جائے گا۔
طلباء نے اس کی سخت مخالفت کی اور پریس کانفرنس طلب کی۔ انہوں نے طلبہ کو دھمکانے کے لئے یونیورسٹی حکام کے رویہ اور پولس فورس کے استعمال کی مذمت کی۔ بعد میں یونیورسٹی کے عہدیداروں اور پولس نے ایک بار پھر یونین کے ساتھ میٹنگ کی۔
یونین نے استدلال کیا کہ پورا میڈیا اور حکومت کشمیر کے بارے میں اپنے خیالات ظاہر کر رہی ہے، لہذا عام آدمی اور طلبہ اس موضوع پر کیوں نہیں بول سکتے۔ یونین کے مطابق اس کے بعد یونیورسٹی انتظامیہ نے اپنا موقف تبدیل کیا اور پروگرام کے انعقاد کی اجازت دے دی۔ لہذا، اب یہ پروگرام 19 اگست کو اے سی جوشی لائبریری لان کے قریب منعقد ہوگا۔