راہل گاندھی کشمیر دورہ کے لیے ہیں تیار، گورنر سے پوچھا ‘میں کب آ سکتا ہوں’!
جموں و کشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک نے راہل گاندھی کو جموں و کشمیر دورہ کرنے کی دعوت تو دے دی، لیکن اب وہ کشمکش میں مبتلا نظر آ رہے ہیں۔ ستیہ پال ملک کی دعوت پر راہل گاندھی نے منگل کو ایک ٹوئٹ کیا تھا جس میں انھوں نے لکھا تھا کہ وہ اپوزیشن پارٹیوں کے نمائندہ وفد کے ساتھ جموں و کشمیر کا دورہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔ لیکن اس ٹوئٹ پر گورنر کو کچھ اعتراض ہوا جس کے بعد بدھ کے روز ایک بار پھر راہل گاندھی ٹوئٹ کیا جس میں انھوں نے لکھا ہے کہ وہ بغیر کسی شرط جموں و کشمیر کا دورہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔
آج کیے گئے اپنے تازہ ٹوئٹ میں راہل گاندھی نے لکھا ہے کہ “ڈیر ملک جی، میں نے اپنے ٹوئٹ پر آپ کا جواب دیکھا۔ میں جموں و کشمیر آ کر لوگوں سے ملنے کے لیے آپ کی دعوت کو بغیر کسی شرط قبول کرتا ہوں۔ یہ بتائیں کہ میں کب آوں؟” اس کے بعد فی الحال ستیہ پال ملک کا کوئی جواب حاصل نہیں ہوا ہے اور دیکھنے والی بات یہ ہے کہ راہل گاندھی کے ذریعہ دعوت قبول کرنے کے بعد کیا گورنر انھیں جموں و کشمیر دورہ کی اجازت دیں گے، یا پھر کوئی بہانہ ڈھونڈ نکالیں گے۔
دراصل جموں و کشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک کے ذریعہ جب راہل گاندھی کو جموں و کشمیر دورہ کرنے کی دعوت دی گئی تو راہل گاندھی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ “اپوزیشن لیڈروں کا ایک نمائندہ وفد اور میں خود جموں و کشمیر کا دورہ کرنے کے لیے تیار ہوں، اور اس کے لیے آپ کو طیارہ بھیجنے کی ضرورت بھی نہیں۔” ساتھ ہی راہل گاندھی نے ٹوئٹ میں یہ بھی لکھا تھا کہ وہ فوجیوں، عام لوگوں اور عوامی لیڈروں سے ملاقات کر کے حالات کا جائزہ لینا چاہتے ہیں۔
راہل گاندھی کے ذریعہ منگل کو کیے گئے ٹوئٹ پر گورنر ستیہ پال ملک نے اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ان پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ (راہل) جموں و کشمیر دورہ کے لیے پہلے سے ہی کئی شرط لگانا چاہتے ہیں۔ ستیہ پال ملک نے یہ بھی کہا تھا کہ راہل گاندھی اپوزیشن لیڈروں کا وفد جموں و کشمیر لانے کی بات کہہ کر یہاں بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
گورنر کے بیان کے مطابق راہل گاندھی نے سفر کے لیے کئی شرطیں رکھی تھیں جن میں حراست میں بند مین اسٹریم لیڈروں سے ملاقات بھی شامل ہے۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس لیڈر کو کبھی بھی اتنی شرطوں کے ساتھ مدعو نہیں کیا گیا تھا۔ گورنر کے اسی بیان کے بعد راہل گاندھی نے بدھ کو تازہ ٹوئٹ میں بغیر کسی شرط جموں و کشمیر دورہ کرنے کی بات ستیہ پال ملک سے کہی اور پوچھا کہ وہ کب یہ دورہ کر سکتے ہیں۔