اِدارہٴ ادبِ اسلامی ہند دراصل ادب اور سچائی کوعام کرنا اور برائی کومٹاناچاہتا ہے: سیدجمیل احمد ہاشمی
بیدر: 6/اگست (وائی آر) ادارہٴ ادبِ اسلامی ہند دراصل ادب کو عام کرنا چاہتاہے۔ اور اس کے ذریعہ سے دنیا میں سچائی کو عام کرنا اور برائی کومٹانا ہے۔ انسان انسان سے پیار کرے۔ انسان انسان کی قدر کرے۔ اور انسان انسان کے کام آئے۔ انسانیت کے ساتھ جئیں اور انسانیت کے ساتھ مریں۔ یہ باتیں جناب سید جمیل احمدہاشمی صدر ادارہئ ادب ِ اسلامی ہند بیدر نے کہیں۔وہ ادارہ کی ماہانہ ادبی نشست اور مشاعرے سے دفتر جماعت اسلامی ہند شاخ بیدرموقوعہ چیتہ خانہ مین روڈ بیدرمیں خطاب کررہے تھے۔
انھوں نے مزید بتایاکہ ہندوستان ایک چمن ہے اور اس چمن میں طرح طرح کے پھول سے ہی رونق ہوتی ہے۔ اسی طرح ہندوستان میں جتنی زبانیں اوربولیاں بولی جاتی ہیں، اتنی زبانیں اور بولیاں دنیا کے کسی اور ملک میں نہیں بولی جاتیں۔ آج اس ادبی تقریب سے میں یہ کہوں گاکہ اپنے بنانے والے کو ضرور یادرکھیں۔ ایک دن سبھی کو اس کے پاس جانا ہے۔ جب ہم اس کے پاس جائیں تو وہ ہم سے خوش ہو۔ اس کے لئے دنیا میں اچھے کام کرنے چاہیے۔
پروگرام کاآغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ جناب محمدشجاع الدین منہلی، جناب عبدالمقیت قادری، اور جناب عظیم بادشاہ نے بالترتیب مضمون، افسانہ اور افسانچہ پیش کیا۔ جنہیں کافی سراہا گیا۔ جناب اسلم پاشاہ قادری سکریڑی ادارہئ ادب اسلامی ہند بیدر نے مظہر محی الدین ہبلی کا مشاعروں کی زبوں حالی پر لکھا مضمون پیش کیا۔ اور جس میں مشاعروں کے انعقاد اور شاعرات کی شاعری وغیرہ سے متعلق تلخ ترین حقائق کاانکشاف کیاگیاتھا۔
بعدازاں محفل مشاعرہ کا انعقاد عمل میں آیا۔ جناب عظیم بادشاہ، منورعلی شاہد، سخاوت علی سخاوت،امیرالدین امیر، میربیدری، باسط خان صوفی کے علاوہ سید جمیل احمدہاشمی نے اپنا اپنا کلام پیش کیا۔ جسے کافی پسند کیا۔ طالب علم نوین کشواہا(یوپی) نے ادارہئ ادب ِ اسلامی ہند بیدر کا شکریہ اداکیاکہ انھوں نے سرشٹی کالج آف آرٹ ڈیزائن اینڈ ٹیکنالوجی کے طلبہ کو اپنے ہاں اردومشاعرہ اور ادبی نشست میں مدعوکیا۔ حامد رضا سروری (ایران)، سریشٹھا(بنگلور)، اننتن (کیرلہ)اور دیگر طالبات کے علاوہ ٹیم یووا بیدرکے ونئے مالگے اور دلیپ موجودتھے۔
نظامت کافریضہ اسلم پاشاہ قادری نے انجام دیا۔دعا پر تقریب اختتام کوپہنچی۔جناب حمیدالدین احمد ناز، ظہوراحمد صاحب اور دیگر نے تقریب میں شرکت کی جبکہ محمد محی نازاور شفیع الدین صاحب نے انتظامی امور کی دیکھ بھال کی۔