کشمیرمعاملہ: انڈین گورنمنٹ کافیصلہ ایک سیاسی حماقت، انڈیا کشمیر میں ایک خطرناک کھیل، کھیل رہا ہے: پاکستانی وزارت خارجہ
پاکستان نے انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر کو خصوصی درجہ دینے والی آئینی شق کے خاتمے کی مذمت کی ہے اور اس معاملے پر پارلیمان کا مشترکہ اجلاس منگل کو بلایا گیا ہے۔
انڈیا میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے زیرِ انتظام کشمیر کو انڈیا کے آئین میں دیے جانے والے خصوصی درجے اور اختیارات کو ختم کر رہی ہے۔
پاکستان کے وزیرِ خارجہ نے انڈین فیصلے کو سیاسی حماقت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انڈیا کشمیر میں ایک خطرناک کھیل، کھیل رہا ہے۔
پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے اس اقدام پر جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ ‘پاکستان انڈیا کا اعلان مسترد کرتا ہے۔ کشمیر بین الاقوامی سطح پر متنازع علاقہ ہے (اور) کوئی یک طرفہ اقدام اس حیثیت کو بدل نہیں سکتا’۔