عام آدمی پارٹی کی رکن اسمبلی الکا لانبا نے پارٹی سے استعفی دینے کا کیا اعلان
اسمبلی کا اگلا انتخاب، آزاد امیدوار کے طور پر لڑنے کابھی کیا اعلان
نئی دہلی: 4 اگست – دلی کے وزیراعلی اروند کیجریوال کی قیادت والی عام آدمی پارٹی کی رکن اسمبلی الکا لانبا نے پارٹی سے استعفی دینے کا اعلان کیا ہے۔محترمہ لانبا نے اتوار کے روز کہا کہ انہوں نے پارٹی سے استعفی دینے کا فیصلہ کرلیا ہے اور وہ جلد ہی پارٹی کی ابتدائی رکنیت سے اپنا استعفی پارٹی قیادت کو سونپ دیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ رکن اسمبلی بنی رہیں گی۔ محترمہ لانبا دلی کے چاندنی چوک اسمبلی حلقے سے رکن اسمبلی ہیں۔
محترمہ لانبا نے کہا کہ وہ چاندنی چوک اسمبلی سے ہی اگلا انتخاب لڑیں گی لیکن کسی پارٹی میں شامل نہیں ہوں گی۔ وہ آزاد امیدوار کے طور پر انتخابات میں اتریں گی۔ کانگریس چھوڑکر عام آدمی پارٹی کے ٹکٹ سے دلی اسمبلی پہنچیں محترمہ لانبا کے بارے میں قیاس آرائیاں کی جارہی تھیں کہ وہ دوبارہ سے کانگریس میں شامل ہوسکتی ہیں لیکن اب انہوں نے خود ہی اعلان کردیا ہے کہ وہ آزاد امیدوار کے طور پر اسمبلی کا اگلا انتخاب لڑیں گی۔