ٹیپوسلطان ؒجینتی کی بحالی کے احکامات جاری کرنے سابق ایم ایل اے بیدرذوالفقار ہاشمی اور دیگر نے کی اپیل
بیدر: 31/جولائی (وائی آر) جناب سیدذوالفقارہاشمی سابق رکن اسمبلی بیدر،مسٹر وجے کمار واگھمارے علاقائی سنچالک دلت وموچنا مانو حققو گڑو ویدیکے، مسٹر راجکمار مولبھارتی ریاستی نائب صدر ڈی ایس 4کرناٹک، جناب سید سرفرازہاشمی ضلع صدر موومنٹ آف جسٹس اور ملیکارجن چٹہ ضلع سنچالک دلت سنگھرش سمیتی (بھیم مارگ) کے مشترکہ دستخط سے ایک پریس نوٹ جاری کرکے ریاستی حکومت کی جانب سے حضرت ٹیپوسلطان رحمتہ اللہ علیہ کی جینتی کو منسوخ کرنے کی مذمت کی ہے۔
پریس نوٹ میں بتایاہے کہ وزیراعلیٰ بی ایس یڈیورپا نے حلف لیاتھاکہ وہ دھرم کی بنیاد پر کسی بھی طبقہ کے خلاف سیاست نہیں کریں گے۔ لیکن حلف لینے کے 24گھنٹے کے اندرون انھوں نے حضرت ٹیپوسلطان ؒ کی جینتی منانے کو منسوخ کرکے ایک طبقہ کے خلاف متعصبانہ سیاست کو مبینہ طورپر ہوادی ہے۔ سابق کی تمام حکومتوں نے مختلف طبقات کے مہماتماوں کی جینتی منائی اور اس کے لئے ریاستی سطح پر انتظام کیا۔ ان تمام جینتیوں میں سے یڈیورپا جی نے کسی بھی جینتی کو منسوخ نہیں کیا۔ سوائے ٹیپوجینتی کے۔ سنگھ پریوار کی رہنمائی میں یہ کام گویا انجام دیاگیا۔
اس پریس نوٹ میں یہ بھی بتایاگیاہے کہ حضرت ٹیپوسلطان میسور کے سلطان تھے۔ اور تمام لوگوں کے سلطان تھے۔ وہ کسی بھی مذہب تک محدود رہنے والے انسان نہیں تھے۔ انھوں نے قابل ذکر ترقیاتی کام اپنے دورحکومت میں عوام کے لئے انجام دئے۔ ایسے مہمان شخص اور دیش پریمی انسان ٹیپوسلطان کی جینتی کو 30جولائی کو ریاستی حکومت نے منسوخ کردیا۔ جس کی بیدر ضلع کی تنظیمیں سخت مذمت کرتے ہیں۔منسوخ کردہ احکامات کو ترک کرکے دوبارہ احکامات جاری کرنے کی اپیل کی جاتی ہے ورنہ ضلع سطح پر احتجاج منظم کرنے کی مذکورہ افراد اور تنظیموں نے دھمکی دی ہے۔