آئی آئی ٹی، دہلی کیمپس میں 3نعشیں پھانسی کے پھندے پر لٹکی ملی، کیمپس میں دہشت کا ماحول
انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) کے دہلی واقع کیمپس سے ایک دل دہلا دینے والی خبر سامنے آئی ہے۔ جمعہ کو کیمپس میں ہی رہنے والے ایک سینئر لیب اسسٹنٹ، اس کی بیوی اور ماں کی لاش خواب گاہ اور برآمدے میں لٹکی ہوئی ملی۔ ایک ہی فیملی کے تین لوگوں کی لاش ملنے سے پورے کیمپس میں دہشت کا ماحول ہے۔ پولس اس معاملے کی جانچ میں مصروف ہو گئی ہے۔
دراصل آئی آئی ٹی کے دہلی کیمپس میں گلشن کمار بایو کیمسٹری محکمہ میں سینئر لیب اسسٹنٹ کے طور پر کام کر رہے تھے۔ جمعہ کو نارائنا واقع ان کی سسرال سے ان کی ساس کرشنا دیوی نے پورے دن میں انھیں کئی بار فون کیا۔ پورے دن میں ایک بار بھی جب کسی نے فون نہیں اٹھایا تو کرشنا دیوی نے پولس کو اس کی جانکاری دی۔ خبر ملتے ہی پی سی آر ٹیم آئی آئی ٹی کیمپس واقع گلشن کے گھر پہنچی تو وہاں کا نظارہ دیکھ کر ان کے ہوش اڑ گئے۔ گھر کے برآمدے میں گلشن کی لاش ایک راڈ سے بندھے دوپٹے کے پھندے پر لٹکی ہوئی تھی۔ گھر کی الگ الگ خواب گاہ میں گلشن کی ماں کانتا دیوی اور اس کی بیوی سنیتا کی لاش بھی پھانسی کے پھندے پر لٹکی ہوئی تھی۔ پولس نے تینوں لاشوں کو نیچے اتار کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔
پولس سے ملی جانکاری کے مطابق واقعہ کی اہم وجہ کا ابھی تک پتہ نہیں چل پایا ہے۔ شروعاتی جانچ میں تینوں لاشوں پر کسی بھی طرح کی چوٹ کا کوئی نشان برآمد نہیں ہوا ہے۔ پولس اس معاملے کو خودکشی سے جوڑ کر بھی دیکھ رہی ہے۔ حالانکہ گلشن کے گھر سے خودکشی پر مبنی کوئی نوٹ ابھی تک برآمد نہیں ہوا ہے۔