تازہ خبریںخبریںریاستوں سےعلاقائیمہاراشٹرا

ممبئی: ایکسپریس ٹرین چاروں طرف پانی میں پھنس گئی، بحریہ کی 8 بچاؤاور 3 غوطہ خور ٹیمیں راحت رسانی میں مصروف

ممبئی میں بارش نے اس قدر تباہی مچا رکھی ہے کہ لوگوں کی زندگی دشوار ہو گئی ہے۔ ایک طرف جہاں بارش کا اثر پروازوں پر پڑا ہے تو وہیں ممبئی کی لائف لائن کہی جانے والی لوکل ٹرینوں کی آمد و رفت بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ اس درمیان 2000 مسافروں کو لے کر جا رہی مہالکشمی ایکسپریس ٹرین آبی جماؤ میں پھنس گئی ہے اور مسافروں کو کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ یہ ٹرین بدلا پور اور وانگنی اسٹیشن کے بیچ پھنسی ہوئی ہے اور اس کے چاروں طرف پانی ہی پانی نظر آ رہا ہے۔

مہالکشمی ایکسپریس میں پھنسے مسافروں کو بچانے کے لیے موقع پر بحریہ کی 8 بچاؤ ٹیمیں پہنچ چکی ہیں جن میں 3 غوطہ خور ٹیمیں بھی شامل ہیں۔ یہ ٹیمیں راحت کاری کے سامان، کشتی اور لائف جیکٹ لیے ہوئےہیں۔ ٹرین میں پھنسے مسافروں کو وہاں سے نکالنے کے لیے غوطہ خوروں کے ساتھ ساتھ ہیلی کاپٹر کو بھی بھیجا گیا ہے۔ اس مشکل وقت میں این ڈی آر ایف کی ٹیم بھی لوگوں کی راحت رسانی میں مصروف ہے۔ ٹرین سے مسافروں کو بہ حفاظت باہر نکالا جا رہا ہے۔ خواتین اور بچوں سمیت اب تک کم و بیش 500 لوگوں کو باہر نکالا جا چکا ہے۔

اس درمیان مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے چیف سکریٹری کو ہدایت دی ہے کہ وہ وانگنی پر نجی طور سے بچاؤ مہم کی نگرانی کریں جہاں مہالکشمی ایکسپریس میں لوگ پھنسے ہوئے ہیں۔ این ڈی آر ایف کی 4 ٹیمیں وہاں اس وقت بچاؤ کام میں مصروف ہیں جو 8 کشتیوں کی مدد سے مسافروں کو نکال رہی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!