کرناٹک میں سیاسی پارٹیوں کا ناٹک جاری: بی جے پی کے نمائندہ وفد نے کی گورنر سے ملاقات
بی جے پی کا ایک نمائندہ وفد آج کرناٹک کے گورنر سے ملا اور ان سے اپیل کی کہ فلور ٹیسٹ جلد کرانے کی ہدایت وہ اسمبلی اسپیکر کو دیں۔ بی جے پی کا کہنا ہے کہ کانگریس-جے ڈی ایس حکومت قصداً فلور ٹسٹ میں تاخیر کر رہی ہے اور وہ چاہتی ہے کہ یہ فلور ٹسٹ ٹل جائے۔
کانگریس کی شکایت پر اسپیکر نے لیا نوٹس، شری منت پاٹل پر مانگی تفصیلی رپورٹ
کرناٹک اسمبلی کے اسپیکر نے کانگریس کی شکایت پر توجہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’تصویر میں رکن اسمبلی شری منت پاٹل جس طرح سے نظر آ رہے ہیں وہ قدرتی نہیں معلوم پڑ رہا۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’مجھے جمعہ تک تفصیلی رپورٹ دی جائے۔ اگر وزیر داخلہ سیکورٹی یقینی نہیں کر سکتے تو میں ڈی جی پی سے بات کروں گا۔‘‘ اس درمیان کرناٹک کے اسپیکر کے آر رمیش کمار نے تحریک اعتماد پر چل رہی بحث کو 4.30 بجے تک کے لیے ملتوی کر دیا۔
شیو کمار نے اسپیکر کو دکھائی اسٹریچر پر لیٹے کانگریس رکن اسمبلی کی تصویر، کیا سیکورٹی کا مطالبہ
کرناٹک اسمبلی میں تحریک اعتماد پر بحث کے دوران کانگریس لیڈر ڈی کے شیو کمار نے کہا کہ جو رکن اسمبلی اسپتال میں ہے وہ بدھ کی شام تک ان کے ہی ساتھ تھے۔ ایسے میں بی جے پی انھیں قصداً دور کر رہی ہے اور ڈرامہ کروا رہی ہے۔ شیو کمار نے ایوان میں کہا کہ ’’8 رکن اسمبلی ایک ساتھ نکلے تھے، ان میں سے ایک (شری منت پاٹل) کی تصویر میرے ہاتھ میں ہے جو اسٹریچر پر لیٹے ہوئے ہیں۔ یہ لوگ کہاں ہیں۔ میں کانگریس اراکین اسمبلی کی سیکورٹی کا مطالبہ کرتا ہوں۔‘‘ اس تصویر کو دکھائے جانے کے بعد اسمبلی میں ایک ہنگامہ سا برپا ہو گیا۔